Aaj Logo

شائع 18 فروری 2019 11:20am

سعودی ولی عہد کواعلی ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان سے نواز دیا گیا

اسلام آباد:سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو کو پاکستان کے اعلیٰ ترین ایوارڈ نشانِ پاکستان سےنواز دیا گیا۔


ایوان صدر میں ہونے والی پُروقار تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ عطا کیا۔

ایوانِ صدر میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت عارف علوی کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور کابینہ ارکان بھی شریک تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔

وزیراعظم عمران خان، صدرِمملکت عارف علوی اور سعودی علی عہد محمد بن سلمان اسٹیج پر براجمان تھے،صدر مملکت کی جانب سے معزز مہمان کو ’نشانِ پاکستان‘ عطا کیے جانے کے بعد ظہرانہ دیا گیا۔

اس سے قبل معزز مہمان وزیراعظم ہاؤس سے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ صدارتی بگھی میں ایوانِ صدر پہنچے۔

ایوانِ صدر پہنچنے پر محمد بن سلمان کا شاندار استقبال کیا گیا جہاں مرکزی دروازے پر صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معزز مہمان کا استقبال کیا جب کہ اس دوران وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔

وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان کے ساتھ ناشتے کے بعد سعودی مہمان نے مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

معزز مہمان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی جس میں ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی آئی ایس پی آر بھی موجود تھے۔

اس دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون پر فروغ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ افغان امن عمل پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ایوانِ صدر میں معزز مہمان کی صدرِ مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے وفود کی سطح پر ملاقات کی۔

Read Comments