ممبئی: بولی وڈ میں ہمہ وقت افواہیں گردش کرتی رہتی ہیں جن کا حقیقت سے دور تک بھی تعلق نہیں ہوتا۔ ایسی ہی ایک افواہ بولی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کے بارے میں بھی گردش کررہی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ سوناکشی اپنی ماں پونم سنہا کی حقیقی بیٹی نہیں، بلکہ اپنے والد شتروگھن سنہا اور اداکارہ رینا رائے کی ناجائز بیٹی ہیں۔ یہ افواہ اس وقت پھیلی جب سوناکشی سنہا نے 2010 میں سلمان خان کے مد مقابل دبنگ فلم میں انٹری دی۔ مداحوں کو یہ دیکھ کر شدید حیرت ہوئی کہ سوناکشی سنہا کا ناک نقشہ اپنی ماں پونم سنہا کی بجائے ماضی کی اداکارہ رینا رائے سے ملتا ہے۔ اس افواہ کو شتروگھن سنہا اور رینا رائے کے ماضی کے معاشقے نے اور زیادہ تقویت دی جس کے بعد ہر طرف سوالات کی بوچھاڑ ہوگئی۔ واضح رہے کہ اداکار شتروگھن سنہا اور اداکارہ رینا رائے کا سات سال تک معاشقہ چلتا رہا ہے۔ 1980 میں شتروگھن سنہا نے پونم سنہا سے شادی کرلی تھی لیکن شادی کے بعد بھی ان کا رینا رائے سے معاشقہ چلتا رہا اور اس بات کا انہوں نے اپنی سوانح حیات میں بھی اعتراف کیا ہے۔ سوناکشی سنہا کی والدہ ہونے کے حوالے سے رینا رائے نے تمام خبروں کی تردید کردی تھی اور کہا تھا کہ جب انہوں نے ایک فلم میں کام کیا تو انہیں خود بھی اداکارہ آشا پاریکھ کی بیٹی قرار دیا گیا تھا۔ یہ باتیں بولی وڈ میں چلتی رہتی ہیں لیکن ان پر دھیان نہیں دینا چاہیے۔ اس حوالے سے اداکارہ سوناکشی سنہا بھی بات کر چکی ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ جو میرے باپ اور رینا رائے کے درمیان ہوا وہ میری پیدائش سے بہت پہلے کی بات ہے اس لیے میں اس بارے میں زیادہ نہیں سوچتی جبکہ پونم سنہا ہی میری حقیقی ماں ہیں۔ بظاہر دیکھا جائے تو سوناکشی سنہا اور رینا رائے میں بے حد مماثلت ہے اور 2013 میں بننے والی فلم ہمت والا میں بھی سوناکشی نے رینا رائے کی طرح کا روپ دھارا تھا لیکن مقتدر حلقوں کا کہنا ہے کہ ان باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ بولی وڈ پر نظر رکھنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ سوناکشی سنہا 1987 میں پیدا ہوئی تھیں جبکہ ان کے والد نے 1980 میں شادی کی تھی اور ان کا رینا رائے سے شادی کے بعد بھی 1981 تک معاشقہ چلتا رہا ہے۔ رینا رائے نے پاکستانی کرکٹر محسن حسن خان سے یکم اپریل 1983 کو کراچی میں شادی کرلی تھی جس سے ان کی ایک بیٹی صنم خان ہے۔