بالی وڈ کے نامور گلوکار سونو نگم نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ کاش ان کی پیدائش بھارت کے بجائے پاکستان میں ہوتی تو اچھا ہوتا۔
سونو نگم بھارتی فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین گلوکاروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے کئی سپر ہٹ گانوں میں اپنی آواز کا جادودکھایا ہے لیکن وہ اپنے متنازع بیانات کے باعث ہمیشہ سرخیوں میں رہتے ہیں۔
حال ہی میں سونو نگم نے ایک بار پھر ایسا بیان دے دیا ہے جس نے بھارت میں شدید غصے لی لہر چل پڑی ہے ۔
سونو نگم نے بھارت کی میوزک انڈسٹری پر طنز کرتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں گلوکاروں کے اچھا برتاؤ نہیں کیا جاتا ہے اور گلوکاروں کو گانا گانے کیلئے میوزک کمپنیوں کو پیسے دینے پڑتے ہیں لیکن پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا جاتا اور ان سے کوئی بھی فیس نہیں لی جاتی۔
سونو نگم نے مزید کہا کہ 'اس لیے کبھی کبھی لگتا ہے کہ ہم پاکستان سے ہوتے تو اچھا ہوتا، عاطف اسلم میرے دوست ہیں لیکن انہیں اور راحت فتح علی خان کو بھارت میں پروگرام کرنے کیلئے معاوضہ دینے کا نہیں کہا جاتا'۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال سونو نگم نے بھارت میں اذان سے متعلق متنازع بیان دیا تھا جس پر انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Source: timesofindia