Aaj Logo

شائع 22 نومبر 2018 11:11am

'کمزور طبقے کوانصاف کی جلد فراہمی حکومت کی اولین ترجیح'

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان  نے  کمزور طبقے کوانصاف کی جلد اورآسان فراہمی حکومت کی اولین ترجیح  قرار دیا ہے۔

 جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت لیگل ریفارمزپراجلاس ہوا ، جس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیرقانون فروغ نسیم نے کہا کہ ریفارمزکا مقصد انصاف کا حصول آسان اورتیزبنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انصاف کی فراہمی کیلئے ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی، کمزور طبقوں کو ریاست کی جانب سے قانونی معاونت کی فراہمی کا قانون متعارف کرایاجائے گا اور وراثت میں حق کے حصول سمیت خواتین کے دیگر حقوق کا تحفظ اصلاحات میں شامل ہے۔

اسی طرح  حکومت کی جانب سے وسل بلوئر پروٹیکشن اینڈ ویجیلنس کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد کرپشن سمیت دیگر جرائم کی نشاندہی کرنے والوں کو تحفظ اور انعام دینا ہے۔

" سرکاری ملازمین کے سروس معاملات میں انصاف کے عمل کو بھی آسان بنایا جا رہا ہے، بیرون ممالک سے دوطرفہ قانونی معاونت کے معاہدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے بل متعارف کرایا جائے گا"۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور فراہمی میں آسانی ریاست کی ذمہ داری ہے۔" خواتین، بچوں اور گھریلو ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے"۔

Read Comments