لاہور: سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی جس میں انور مجید، اے جی مجید اور حسین لوائی کو تفتیش کیلئے اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سماعت کے دوران ریمارکس دئے کہ یہ لوگ بہت بااثر ہیں،کراچی میں ان کا اقتدار ہے،اس لئے اسلام آباد منتقل کیا جائے تاکہ آزادانہ تفتیش ہوسکے۔
ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے بتایا کہ انور مجید انکوائری میں تعاون نہیں کررہے۔ انور مجید کے وکیل کی جانب سے ملزم سے کراچی میں ہی تفتیش کی بار بار استدعا پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ کے اصرار سے ہم زیادہ غیر مطمئن ہورہے ہیں کہ اس کے پیچھے لازمی کوئی وجہ ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اگر انور مجید عام جہاز پر نہیں آسکتے تو انہیں ایئرایمبولینس میں لے آئیں، اب جے آئی ٹی کو بااختیار بنادیا گیا ہے،دس روز میں تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
چیف جسٹس نے انور مجید کو پمز اسپتال جبکہ عبدالغنی مجید اور حسین لوائی کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئےسماعت ملتوی کردی۔