صدرمملکت عارف علوی نے کہا ہےآج کا دن ارشادات اقبال پر عمل کرنے کی یاد دلاتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹرمحمد اقبالکے افکار پر عمل پیرا ہوکرملک کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنائیں گے۔
صدرمملکت عارف علوی نے یوم اقبال پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ارشادات اقبال پرعمل کرنے کی یاد دلاتا ہے۔
اقبال نے خودی کے فلسفے کو بیدار کیا، آج پاکستان کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے اور ہمیں مل کر ان چیلنجز سے نمٹنا ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو غلامی سے نجات کا راستہ دکھایا، یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی سوچ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنائیں گے، وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل کو اقبال کی سوچ سے روشناس کرایا جائے اور اس کیلئے یوم اقبال کے حوالے سے اسکولوں، کالجز اور تعلیمی اداروں میں پروگرامز منعقد کئے جائیں۔