مکّہ: سعودی عرب میں جونہی حج کے سیزن کا آغاز ہوتا ہے تو خانہ کعبہ کے غلاف کسوہ کو چاروں جانب سے لپیٹ کر چند فٹ کی بلندی تک اوپر اٹھا دیا جاتا ہے۔
رواں برس بھی ایسا ہی کیا گیا ہے اور مقدس غلاف کو چاروں جانب سے لپیٹ کر تین میٹر تک اوپر اٹھا دیا گیا ہے۔ فولڈ کئے گئے حصے کو چاروں جانب سے تقریباً دو میٹر چوڑے سفید کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔
سعودی گزٹ کے مطابق کنگ عبدالعزیز کمپلیکس کے ڈائریکٹر احمد المنصوری نے بتایا ہے کہ خانہ کعبہ کے غلاف کو نقصان سے محفوظ رکھنے کیلئے فولڈ کردیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حج کے دنوں میں زائرین کی بہت بڑی تعداد خانہ کعبہ کے غلاف کو چھونے کی کوشش کرتی ہے اور بعض لوگ اپنے ساتھ بطور تحفہ لیجانے کیلئے اس کا کچھ حصہ حاصل کرنے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔
اس صورتحال میں مقدس غلاف کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہر سال حج کے دنوں میں اس کا کچھ حصہ اوپر کی جانب فولڈ کردیا جاتا ہے۔ حج کا اختتام ہوتے ہی مقدس غلاف کو دوبارہ پہلے والی حالت میں بحال کردیا جائے گا۔