لندن: مغربی دنیا میں جوان اور توانا نظرآنے کےلئے ہر طرح کے جتن کئے جاتے ہیں ۔ ان میں بعض اتنے عجیب و غریب ہیں جنہیں سوچ کر ہی دل گھبرانے لگتا ہے ۔ ان میں سے چند درج ذیل ہیں۔
٭ گھونگھوں کا فیشل
یہ عجیب و غریب فیشل جاپان میں بہت مشہور ہیں جس میں تین چار گھونگھوں کو چہرے پر پھسلایا جاتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ گھونگھے پھسلنے کے دوران ان کے جسم سے خارج ہونے والا لیس دار مادہ چہرے پر بڑھاپے کے اثرات کم کرتا ہے اور جلد کو جوان رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
حال ہی میں برطانیہ میں بھی کچھ مقامات پر گھونگھوں کے فیشل کے پارلر کھولے گئے ہیں جہاں لگ بھگ 50 برطانوی پاؤنڈ یا پاکستانی 8 ہزار روپے میں گھونگھوں سے فیشل کرایا جاتا ہے۔ خواتین کے مطابق گھونگھوں کے فیشل کے بعد ان کی جلد بہترین ہوجاتی ہے اور کئی روز تک چمکتی رہتی ہے۔ اس کے علاوہ گھونگھوں کا لیس دار مادہ ڈبیوں میں بند کرکے بھی فروخت کیا جارہا ہے جس سے خواتین گھر بیٹھے فیشل کرسکتی ہیں۔
٭ پرندوں کی بِیٹ کا فیشل
کاسمیٹکس ماہرین کے مطابق پرندوں کی بِیٹ کا فیشل کرانے والوں کی جلد پیدائشی بچوں کی طرح ملائم اور تروتازہ ہوجاتی ہے۔ یہ بھی جاپان ہی کی ایجاد ہے اور اس کے فیشل میں ایک گھنٹہ لگتا ہے جس میں مختلف پرندوں کا فضلہ پیسٹ کی صورت میں ملاکر استعمال کیا جاتا ہے۔
برطانیہ میں اس کا فیشل 25 سے 30 ہزار پاکستانی روپے میں کیا جاتا ہے اس کے علاوہ پرندوں کی فضلے کے خشک اور فیس واش بھی دستیاب ہیں جن کی قیمت 2 سے 3 ہزار روپے ہے۔ ہالی وڈ اداکاروں میں ٹام کروز اور وکٹوریا بیکھم باقاعدگی سے یہ فیشل کراتے ہیں۔ اس ضمن میں ایک خاص جاپانی بلبل کے فضلے کا فیشل بہت مقبول ہے۔
٭ سانپوں کا مساج
یہ ایک مشکل عمل ہے کیونکہ عوام کی اکثریت نفسیاتی طور پر سانپوں سے ڈرتی ہے۔ لیکن ماہرین کے مطابق اگر تھوڑی دیر چھوٹے سانپوں کو چہرے، کمر اور کندھے پر رینگنے دیا جائے تو اس سے ذہنی تناؤکم ہوتا ہے اور آدھے سر کا درد (میگرین) کم ہوتا ہے۔
امریکہ اور برطانیہ میں کئ اسپا اور پارلرز سانپوں کے مساج کی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ سانپوں کے زہر سے بنے فیشل اور فیس کریم بھی بازار میں دستیاب ہیں۔
٭ آنول نال کا فیشل
پیدائش کے وقت ماں اور بچے سے جڑی آنول نال میں خاص قسم کے خلیات پائے جاتے ہیں جن کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ انسانی جلد کو خوبصورت اور ملائم بناتے ہیں۔ اس کا ایک پروفیشنل فیشل بھی 20 سے 25 ہزار روپے میں ہوتا ہے ۔
اس میں آنول نال کو کھینچ کر اس کی شیٹ چہرے پر چڑھائی جاتی ہے اور ڈیڑھ گھنٹے تک اس کو ماسک کی طرح چہرے پر چڑھایا جاتا ہے۔ مشہور امریکی شوبز شخصیت کم کرڈاشین بھیڑ کے بچے کی آنول نال استعمال کرتی ہیں۔