Aaj Logo

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2018 10:59am

گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کی جان لینے والا امریکی سفارت کار بلیک لسٹ

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں گاڑی  کی ٹکر سے نوجوان شہری عتیق کی جان لینے والے امریکی سفارت کار کرنل جوزف کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرلیا گیا۔

منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے حادثے میں جاں بحق عتیق بیگ کے والد کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران وزارتِ داخلہ اور خارجہ کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔

 وزارتِ داخلہ کے نمائندے نے کرنل جوزف کو بلیک لسٹ کرنے کا نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کیا اور بتایا کہ کرنل جوزف پاکستان سے باہر نہیں جاسکیں گے،اس سلسلے میں تمام ہوائی اڈوں کو مطلع کردیا گیا ہے۔

عدالتی استفسار پر ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد نے بتایا کہ ویانا کنونشن کی رو سے فرائض کی انجام دہی یا تعیناتی کے دوران کے دوران کوئی سفارت کار حادثے کی صورت میں قانونی کارروائی سے مستثنیٰ ہوتا ہے۔

البتہ اگر کوئی سفارت کار سے یہ استثنیٰ خود واپس کر دے یا اس سے یہ واپس لے لیا جائے تو پھر اُس کیخلاف ملکی قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، ملزم کا نام سفری پابندیوں والی فہرست ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا طریقہ کار کافی طویل ہے اس لئے سفارت کار کو بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول خارجہ امور نے عدالت کو بتایا کہ وزارت خارجہ نے امریکی سفارت خانے سے حادثے میں ملوث اہلکار کا استثنیٰ واپس لینے کی استدعا کی ہے۔

 عدالت نے قرار دیا کہ ملزم سے تفتیش لازمی ہے، چاہے پاکستان میں ہو یا امریکا میں، حکومتِ پاکستان ویانا کنونشن کے مطابق معاملات حل کرے۔

 عدالت نے وزارت خارجہ کو 10 روز میں سفارتی استثنیٰ سے متعلق سوالات کے جوابات دینے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ 7 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔

 گاڑی امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف ایمانوئیل خود چلا رہے تھے اور جب موٹر سائیکل کو ٹکر لگی تو دو نوجوان عتیق اور راحیل موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

گاڑی کی ٹکر سے عتیق موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا جب کہ راحیل کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

Read Comments