اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی عدالت نے فیض آباد دھرنا کیس میں خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے فیض آباد دھرنا کیس کی سماعت کی۔
ملزمان خادم حسین رضوی اور افضل قادری پیش نہ ہوئے اور پولیس کی جانب سے ان کےخلاف حتمی چالان پیش نہ کیا جاسکا۔
خادم حسین رضوی، افضل قادری اور مولانا عنایت مقدمہ نمبر 345 میں نامزد ملزمان ہیں۔مقدمہ نمبر 334اور 335 میں بھی چاروں ملزمان نامزد ملزم ہیں۔
عدالت نے ملزمان کی مسلسل عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں عدالتی مفرور قرار دینے کا حکم بحال رکھا۔
عدالت نے پولیس کو چار اپریل تک ملزمان کے خلاف چالان پیش کرنے کا حکم دیا۔
پراسیکیوٹر شفقات نے بتایا کہ چاروں ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہیں لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہو رہے۔آئندہ سماعت پر عدالت میں چالان جمع کرا دیں گے۔
عدالت نے خادم حسین رضوی اور افضل قادری کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہےبعدازاں کیس کی سماعت چار اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔