کراچی:کراچی کی انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کیس میں بانی ایم کیو ایم ،خالد مقبول صدیقی ،سلمان مجاہد اور دیگر ملزمان کو مفرور قرار دے دیا۔
ہفتے کو کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر کیس کی سماعت ہوئی،سماعت کے دوران سچل پولیس نے مزید 2مقدمات میں حتمی چالان پیش کردئیے۔
جسے عدالت نے چالان منظورکرتے ہوئے انسداد دہشتگردی کی عدالت نمبر ایک کو منتقل کردیا چالان میں فاروق ستار ، عامر خان ، خواجہ اظہار سمیت دیگر نامزد ہیں۔
چالان میں بتایا گیاکہ فاروق ستار،عامر خان ،خواجہ اظہارالحسن اورمئیرکراچی سمیت دیگر ضمانت پر رہا ہیں جبکہ بانی ایم کیو ایم ، سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی مفرور ہیں،اس کے علاوہ ایم این اے سلمان مجاہد بلوچ اور زاہدہ بیگم سمیت دیگر بھی مفرور ملزمان میں شامل ہیں۔
چالان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم نے 12جولائی کو فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف تقریر کی اور ملکی سالمیت کے خلاف بھی اشتعال انگیز تقریر کی تھی دیگر ملزمان اس تقریر میں سہولت کاری کردار ادا کیا۔
عدالت نے بانی ایم کیو ایم ،سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی اور سلمان مجاہدسمیت دیگر کو مفرور قرار دے دیا۔