Aaj Logo

شائع 08 جنوری 2018 07:54am

معمولی دکھنے والی کچن کی 10 خطرناک ترین اشیاء

ہم اپنی روز مرہ  زندگی میں کچن میں بہت سی چیزوں کااستعمال کرتے ہیں۔ کچھ چیزیں  دیکھنے میں تو ہمیں نقصان دہ نہیں لگتیں لیکن وہ ہمارے لئے خطر ناک ہوسکتی ہیں۔

آج ہم آپ کو ایسی ہی کچھ  چیزوں کا بتائیں گے جو آپ کے لئے نقصان دہ ہیں اور یہ جاننا یقیناً آپ کو عادتیں بدلنے پر مجبور کردے گا۔

٭ پلاسٹک کنٹینرز میں  محفوظ اشیاء

اکثر پلاسٹک بنانے والی کمپنیاں  پلاسٹک کو لچکدار بنانے کے لئے اس میں مخصوص قسم کے کیمیکل کا  استعمال کرتی ہیں،جس کی وجہ سےبہت سی صحت  سے جڑی مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔اسی لئے اشیاء کو پلاسٹک کنٹینرز میں محفوظ کرنا آپ کے لئے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

٭ کچن سنک

کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے کہ آپ برتن دھوتے ہیں تو کھانے کہ کچھ ذرّات سنک میں لگے  رہ جاتے ہیں،یہ ذرّات مختلف اقسام کے خطرناک بیکٹیریا کے پھیلنے کا سبب بن سکتے ہیں۔کچن سنک کا شمار بہت ہی خطرناک جگہوں میں ہوسکتا ہے اگر اسے مکمل طور پر صاف نہ رکھا جائے۔

٭چھریاں

کچن میں استعمال ہونے والی چھریوں کو ہمیشہ تیز دھار ہونا چاہیے۔اگر چھریاں تیز دھار نہیں ہونگی تو یہ کسی بھی چیز کو کاٹنے کے دوران پھسل سکتی ہیں ،جس کی وجہ سے آپ کاہاتھ یا جسم کا کوئی حصہ زخمی ہو سکتا ہے۔

٭ اسفنج

عموماً کچن میں برتن دھونے کے لئے استعمال کئے جانے والے  اسفنج میں بیکٹیریا کی افزائش  بہت تیزی سے ہوتی ہے ۔بیکٹیریا کے خاتمے کے لئے آپ اسفنج کو گیلا کر کے مائیکروویو میں رکھ سکتے ہیں یا پھر کچھ دیر بلیچ والے پانی میں  ڈال کر بھگو سکتے ہیں ۔ماہرین کا اس بارے میں کہنا ہے کہ اسفنج کو ایک سے دو ہفتے کر دوران تبدیل کرلیناچاہیے۔

٭تولیہ

تولیے کا شمار کچن میں موجود سب سے گندی چیزوں میں ہوتا ہے۔یہ ایسی چیز ہوتی ہے جسے آپ سب سے زیادہ استعمال کرتے ہیں،کھانا بنانے کے دوران بھی اورہاتھ صاف کرنے کےلئے بھی،اس لئےاس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ کچن میں استعمال ہونے والا تولیہ ہمیشہ صاف رکھا جائے ورنہ اس کے ذریعے بیکٹیریا آپ کے کھانے میں شامل ہو سکتے ہیں۔

٭ ائیر  فریشنر

ائیر فریشنرز میں مختلف طرح کے کیمیکلز شامل ہوتے ہیں جو  پھیپڑوں کو متاثر کرتے ہیں یاکینسر کا باعث بنتے ہیں۔ اس لئے کچن میں ائیر فریشنر کاروزانہ  استعمال نہیں کرنا چاہئے۔

٭گیس والااوون

اگر آپ سونے جارہے ہوں یا کہیں گھر سے باہر جارہے ہوں توجانے سے پہلےاوون کو بند کردیں۔ اوون کے برنرز سے خطرناک گیس کا اخرج ہوتا ہے جو آپ کے لئے نقصان دہ ہوسکتی ہے۔

٭ نان اسٹک کک وئیر

نان اسٹک برتنوں میں ٹیفلون کی ایک پرت ہوتی ہے جس کے زیادہ گرم ہوجانے سے زہریلے مواد کا اخراج ہوتا ہے۔اس لئے نان اسٹک کے بجائے پرانے  پینز کا استعمال کرنا چاہئے۔

٭ قیمہ نکالنے کی مشین

قیمہ نکالنے کی مشین بہت ہی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے اگر آپ اسے دھیان سے استعمال نہ کریں ۔مشین سے قیمہ نکالتے وقت انگلیوں کو ہمیشہ دور رکھیں اور گوشت کو مشین میں اندر کی طرف دھکیلنے کے لئے ہاتھ کے بجائے کسی اور چیز کا استعمال کریں۔

٭ کٹنگ بورڈز

سبزیاں اور گوشت کاٹنے کے لئے ہمیشہ الگ الگ بورڈز کا استعمال کرنا چاہیے۔کچے گوشت میں بیکٹیریا موجود ہوتے ہیں جوآپ کے لئے سنگین بیماریوں کاسبب بن سکتے ہیں۔ٹوٹے اور چٹخے ہوئے کٹنگ بورڈز کا ہرگز استعما ل نہیں کرنا چاہئےکیونکہ  وہ ٹوٹی ہوئی جگہ بیکٹیریا کے رہنے کی بہترین آماجگاہ ہوتی ہے۔    

Read Comments