وہ بالی وڈ کے ایسے سپر سٹار ہیں جن کے چاہنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے اور وہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں۔
بالی وڈ کے سب سے کامیاب ستاروں میں شمار ہونے والے سلمان خان نے ایک دہائی بعد برطانیہ میں کسی شو میں حصہ لیا۔
سلمان خان پچھلے ہفتے برطانیہ میں تھے اور ان کے مداح ملک میں ان کی موجودگی کی وجہ سے بہت ہی پرجوش تھے۔
برمنگھم اور لندن میں ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے لوگ لمبی قطاروں میں کھڑے نظر آئے۔
ان کی ایک فین جسے ان کے ساتھ تصویر لینے کا موقع ملا کا کہنا تھا ’مجھے سلمان خان کے ساتھ تصویر لینے کا موقع ملا اور میرے دل کی دھڑکن بہت تیز ہوگئی ہے۔‘
ان کی ایک مداح نے کہا 'میں سلمان کی بڑی فین ہوں۔ میرا دل سلمان خان کے لیے دھڑکتا ہے'۔
برطانوی فینز سے مل کر انہیں کیسا لگا اس پر ان کا کہنا تھا کہ 'بہت ہی زیادہ اچھا، دادا دادیاں اور والدین نے یہاں بڑے ہونے والے اپنے بچوں کو اپنی ثقافت سے دور نہیں ہونے دیا ہے، اور ثقافت یہی ہے کہ خاندان کا اکٹھے ہونا اور ہماری فلمیں بھی۔'
12 برس بعد برطانیہ میں پرفام کرنے کے سوال پر سلمان نے کہا 'پہلے میں ہر ڈیڑھ دو سال میں شو کرتا تھا لیکن پھر میں تھک گیا‘۔
ان کا کہنا تھا 'دیکھیے سوال پیسے کا نہیں ہے، یہ سٹار اور مداحوں میں رابطے کی بات ہے، میں آپ کو اور آپ مجھے پسند کرتے ہیں اور میں آپ کو اتنا چاہتا ہوں کہ یہاں آکر پرفام کر رہا ہوں۔'
Back in UK after 10 years look forward to seeing you all. #SKinUK @lycamobile @lycaradio1458 @BcardArena @Theo2 @farhathhussain @SohailKhan pic.twitter.com/l8GAusI4k2
— Salman Khan (@BeingSalmanKhan) August 21, 2017
جمعے کو برطانوی پارلیمنٹ نے سلمان خان کو ان کی خدمات کے عوض سنہ 2017 کے گلوبل ڈائیورسٹی ایوارڈ سے نوازا تھا۔
اس بارے میں ان کا کہنا تھا ' یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے لیکن میں نہیں جانتا کہ میں اس لائق ہوں یا نہیں۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ آج یہاں تک پہنچوں گا۔'
بشکریہ: بی بی سی اردو