Aaj Logo

شائع 09 ستمبر 2017 12:22pm

فرانس: معذور لڑکی چوہوں کے حملے میں شدید زخمی

شمالی فرانس کے ایک گھر میں ایک معذور لڑکی چوہوں کے متعدد بار کاٹے جانے کی وجہ سے انتہائی زخمی ہو گئی ہے۔

14 سالہ معذور لڑکی جس کا آدھا جسم مفلوج ہے گھر کے گروانڈ فلور کے کمرے میں سو رہی تھے کہ چوہوں نے اس پر حملہ کر دیا۔

طبی ماہرین کے مطابق اس لڑکی کے چہرے پر 45 جگہ چوہوں کے کاٹے کے زخم آئے جبکہ ہاتھوں پر 150 اور پیروں پر 30 جگہ کاٹے جانے کے زخم ہیں۔

لڑکی کے والد کا کہنا تھا کہ وہ مالک مکان پر لاپرواہی برتنے قانونی کارروائی کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق مکان کے قریب ہی ایک کوڑے دان بھرا پڑا تھا جہاں سے ممکنہ طور پر چوہے آئے۔

لڑکی کے والد کو سنیچر کی صبح اپنی بیٹی خون میں لت پت ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ رات کو سونے کے لیے گئے تو سب کچھ ٹھیک تھا۔ وہ گھر کی اوپری منزل میں سو رہے تھے۔

انھوں نے ایک مقامی اخبار کو بتایا کہ ان کی بیٹی کے کانوں سے خون بہہ رہا تھا مجھے لگا کہ شاید اسے برین ہیمرج ہو گیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اس کی بعض انگلیوں کے سرے کھائے ہوئے ہیں اور سرجنز کا کہنا ہے کہ یہ ٹھیک نہیں ہو سکتے۔‘

ان کے خاندان کو ایک دوسرے گھر میں منتقل کر دیا گیا ہے اور پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

انسانوں پر چوہوں کے اس طرح کے حملے اگرچہ کم کم ہوتے ہیں تاہم بھوکے چوہے کبھی کبھار انسانی لاشیں بھی کھا جاتے ہیں۔

بشکریہ: بی بی سی اردو

 

Read Comments