لاہور:پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف مزاحیہ اداکار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 12 برس بیت گئے،بے پناہ صلاحیتوں اور منفرد انداز اداکاری کی بدولت اداکار رنگیلا نے فلمی دنیا پر ان مٹ نقوش رقم کئے۔
یکم جون 1937 کو افغانستان میں پیدا ہونے والے اداکار رنگیلا کا اصل نام محمد سعید خان تھا جنہوں نے انتھک محنت کی بدولت پہلے اسٹیج اور پھر فلمی دنیا میں قدم رکھا، 1958 میں انہوں نے فلم 'جٹّی' میں اداکاری کے ایسے جوہر دکھائے جو کوئی اور نہ دکھا سکا۔
رنگیلا نے مزاحیہ اداکاری کے ساتھ بطور مصنف، گلوکار، ہدایت کار اور فلمساز کے طور پر بھی کام کیا،مزاحیہ فلموں میں رنگیلا کی جوڑی منور ظریف کے ساتھ آج بھی یاد رکھی جاتی ہے۔
رنگیلا کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں 9مرتبہ نگار ایوارڈ سے نوازا گیا،اپنی بے ساختہ اداکاری کی بدولت لوگوں کے چہروں پرمسکراہٹیں بکھیرنے والے اداکار رنگیلا 24 مئی 2005 کو اس جہان فانی سے کوچ کر گئے۔