تل یا سیسم سیڈ ایسا بیج ہے جو ہر جگہ با آسانی د ستیاب ہوتا ہے،اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اسے بطور غذا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تل عموماً سفید یا گہرے رنگ کے ہوتے ہیں ان کی شکل تکونی ہوتی ہے سردیوں میں ان کا استعمال بکثرت ہوتا ہے ،لوگ انہیں بھون کر،تل کے لڈوبناکر اور ریوڑی کے طور پر استعمال کرتے ہیں،یہاں تک کہ تلوں والے کلچے شادی بیاہ میں لازمی سمجھے جاتے ہیں اور ان کے بناءقورمے کا مزہ نہیں آتا۔ تل پوری دنیا میں پا ئے جاتے ہیں، امریکہ، چین اٹلی،جاپان کے علاوہ پاکستان اور بھارت میں ان کی پیداوار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ تل کی خاصیت تل کے بیج پیس کر ان کا تیل نکالا جاتا ہے جسے میٹھا تیل کہتے ہیں اس کا تیل کھانے پکانے اور مارجرین وغیرہ میں استعمال ہوتا ہے۔اس کے علاوہ تل کا تیل بالوں کی نشوونما کے لئے بہت فائدے مند ہے،تل کے تیل کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ یہ کافی عرصے تک خراب نہیں ہوتا۔