Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

پرندوں کا قاتل درخت

شائع 19 اپريل 2017 05:00pm
فٖائل فوٹو فٖائل فوٹو

بحر ہند اور بحرالکاہل کے جزائر پر ایک درخت ایسا بھی پایا جاتا ہے جو اپنے اوپر بیٹھنے والے پرندوں کو لیس دار مادّے میں لتھڑے ہوئے آنکڑے جیسے بیجوں سے چپکا کر زمین پر گرا کر مار دیتا ہے۔

سائنسدان اپنی اب تک کی پوری کوشش کے باوجود یہ معلوم نہیں کرسکے ہیں کہ آخر یہ درخت ایسا کیوں کرتا ہے کیونکہ بظاہر اس حکمتِ عملی سے اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

نیوزی لینڈ میں کثرت سے پائے جانے والے  ان درختوں کی ایک قسم ’پیسونیا برونونیانا‘ اس لحاظ سے منفرد ہے ۔ اس سے ایک چپچپا اور لیس دار مادّہ خارج ہوتا ہے جو اس پر بیٹھنے والے کسی بھی پرندے کے جسم پر گوند کی طرح چپک جاتا ہے۔

فٖائل فوٹو فٖائل فوٹو

 اس مادّے میں پیسونیا کے بیج بھی لتھڑے ہوتے ہیں جن پر آنکڑوں جیسی نوکیں نکلی ہوتی ہیں۔ جیسے ہی کوئی پرندہ اس درخت پر بیٹھتا ہے یہ بیج اس کے پنجوں سے چپک جاتے ہیں۔

 چھوٹی جسامت والے کسی پرندےکیلئے یہ بیج اتنے وزنی ہوتے ہیں کہ وہ اڑنے کے قابل بھی نہیں رہتا اور پھرپھڑاتے ہوئے جان دے دیتا ہے۔ بعض اوقات درخت وہ شاخ بھی زمین پر گرادیتا ہے جس پر یہ پرندہ بیٹھا ہوتا ہے۔

 یوں اس سے چپکا ہوا پرندہ بھی بے یارو مددگار حالت میں زمین پر آن گرتا ہے اور اگر کوئی اس کی مدد نہ کرے تو وہ اسی حالت میں تڑپ تڑپ کر مر جاتا ہے۔

 ماہرین حیاتیات بھی کوششوں اور تحقیق کے باوجود درخت کی اس پراسرار کیفیت کا اندازہ نہیں لگا سکے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ پیسونیا درخت کا ایسا کرنا غالباً ارتقائی عمل میں کسی غلطی کا نتیجہ ہے کیونکہ پرندوں کو چپکانے اور گرا کر مار دینے سے اس درخت کو کسی قسم کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

بشکریہ   stuff.co.nz