نیا ٹروجن وائرس اینڈرائیڈ نوگٹ اور مارش میلو کو بھی مات دے سکتا ہے
حال ہی میں اینڈرائیڈ پر ایک نیا ٹروجن وائرس 'گوگی' دریافت کیا گیا ہے جو اینڈرائیڈ کے تازہ ترین ورژنز مارش میلو اورنوگٹ کو بھی مات دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ نیا ٹروجن فی الوقت صرف روس کے صارفین کو ہی اپنا نشانہ بنا رہا ہے تاہم باقی ممالک کے اینڈرائیڈ صارفین کو بھی ہوشیار رہنے کی ہدایت کی جارہی ہے۔
اس ٹروجن کا طریقہ واردات بہت آسان ہے، ایک ایس ایم ایس کے ذریعے آپ کو لنک موصول ہوتا ہے کہ آپکے نمبر پر ایم ایم ایس پیغام یا تصویر موصول ہوئی ہے۔ اس کو دیکھنے کیلئےکلک کیجئے۔
جب آپ اس لنک پر کلک کرتے ہیں تو ٹروجن ایک تصویر کی فائل آپ کے موبائل پر ڈاؤنلوڈ کرتا ہے۔ جو کہ دراصل تصویر نہیں بلکہ ایک ایپلی کیشن ہے۔ اسے کھولنے پر ایپلی کیشن آپ کے فون میں انسٹال ہوجاتی ہے۔
تاہم یہ ایپلی کیشن تب تک کچھ نہیں کر سکتی جب تک اینڈرائیڈ کے نئے ورژن میں اسکو مناسب اجازت نہ ملیں۔ بہت سے صارفین تصویر دیکھنے کے چکر میں اس کو مطلوبہ رسائی فراہم کردیتے ہیں۔ جس کے بعد یہ ایپلی کیشن پورے فون کو اپنے کنٹرول میں کر لیتی ہے اور صارف سے مزید معلومات کی رسائی مانگتی ہے اور صارف کے پاس اسے روکنے کا کوئی طریقہ نہیں بچتا، ماسوائے اسکے کہ فون کو سیف موڈ میں چلایا جائے اور کسی طریقہ سے یہ ایپلی کیشن ختم کرنے کی کوشش کی جائے۔
ایسے کسی بھی ٹروجن وائرس سے بچنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ ایسی کوئی بھی ایپلی کیشن انسٹال نہ کریں جس کے بارے میں آپ کو پتہ نہ ہو یا پھر وہ آپ نے گوگل پلے سٹور سے ڈاؤنلوڈ نہ کی ہو۔ اسکے علاوہ ایپلی کیشن پرمشن کا خاص خیال رکھیں اور نامعلوم ایپلی کیشنز کو فون کی معلومات تک رسائی ہرگز مت فراہم کریں۔
بشکریہ bleepingcomputer.com
Comments are closed on this story.