Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

انسانی دماغ فالتو یادیں 'ٹریش فولڈر' میں رکھ دیتا ہے:تحقیق

شائع 23 فروری 2017 05:01pm
سائنس
فائل فوٹو فائل فوٹو

ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانی دماغ میں یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ غیرضروری یادداشت کو ایک طرح کے'ٹریش فولڈر' میں پہنچا دیتا ہے لیکن انہیں دوبارہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

امریکا میں میسا چیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ( ایم آئی ٹی) کے ماہرین کی جانب سے کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ میموری کیا ہوتی ہے، کہاں ہوتی ہے اور اسے دوبارہ واپس لایا جاسکتا ہے۔ ماہرین نے اس کیلئے 3 اقسام کے چوہے استعمال کیے جو بھولنے کے مریض تھے اورچوہوں کے پاؤں پر ہلکا کرنٹ دے کر انہیں ایک مضبوط یادداشت دی گئی تھی جب کہ اس میں نیلی روشنی استعمال کرکے اس تکلیف دہ شاک (کرنٹ) کی یاد کو تازہ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق اس تحقیق سے الزائیمر اور ڈیمنشیا جیسے امراض میں یادداشت کھونے کےعمل کو سمجھنے میں بہت مدد  مل سکے گی۔ اسی طرح کسی حادثے اور سانحے کے بعد کی تلخ یادیں کس طرح ہمارے وجود کا حصہ بن جاتی ہیں اور بار بار کی کوشش سے بھی وہ نہیں جاتیں اور اس کی وجہ جاننے میں بھی مدد ملے گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ذہنی سطح پر یاد ہم اس شے کو کہتے ہیں جو دماغی خلیات (سیلز) کےدرمیان سگنلنگ سے وجود میں آتے ہیں اور ان کا انحصار خاص اے ایم پی اے ریسپٹرز پر ہوتا ہے۔ جن جن علاقوں پر دماغی خلیات جڑیں گے اور وہاں زیادہ سے زیادہ اے ایم پی اے ریسپٹرز ہوں گے وہ یادداشت اتنی ہی پکی اور مضبوط ہوگی اور جب یادداشت کو دُہرایا نہیں جاتا اے ایم پی اے ریسپٹرز کمزور پڑتے جاتے ہیں اور یاد مٹتی جاتی ہے۔

مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ بعض یادیں بھولنے سے انسان اپنی اطراف سے بہتر رابطہ رکھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہےکہ دماغ فالتو یادوں کو ٹریش بن میں ڈال دیتا ہے لیکن اسے واپس لانا ممکن ہے اور دوسری جانب دماغی امراض میں یادداشت کھونے کے عمل کو بھی سمجھنا ممکن ہے۔

بشکریہ  ڈیلی میل