Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کمپیوٹر اسکرین سے آنکھوں کو ہونے والے نقصانات سے کیسے بچیں؟

شائع 23 فروری 2017 11:54am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اگر آپ کمپیوٹر پر کام کرتے ہیں تو آپ ضرور جانتے ہونگے کہ دن کے اختتام تک آپ کی آنکھوں میں خارش، دھندلا پن، الجھن اور خشکی پیدا ہونی شروع ہوجاتی ہے۔ بعض مرتبہ آپ سر درد کا شکار بھی ہو جاتے ہیں۔ آنکھوں کی اس کیفیت کو 'ڈیجیٹل آئی اسٹرین' کا نام دیا گیا ہے۔ ان سے بچنے کیلئے درج ذیل باتوں پر عمل کیجئے۔

٭ پلکیں جھپکنا

عام طور پر ہماری پلکیں ایک منٹ میں 15 مرتبہ جھپکتی ہیں جس سے آنکھوں میں نمی برقرار رہتی ہے۔ لیکن جب ہم کوئی کتاب پڑھتے ہیں یا پھر مسلسل کسی چیز یا اسکرین پر دھیان لگاتے ہیں تو پلکیں جھپکنا مشکل ہو جاتا ہے ۔ جس کی وجہ سے ہماری آنکھوں میں نمی برقرار نہیں رہتی، لہٰذا پلکیں جھپکیں یا پھر مصنوعی آنسو اور آئی ڈراپس کا استعمال کریں۔

٭ آنکھوں کو 20-20 کے اصول کے مطابق آرام دیں

جب آنکھوں میں تھکاوٹ محسوس ہونے لگے تو 20-20 کے اصول کے مطابق اپنی آنکھوں کو آرام دیں۔ ہر بیس منٹ کے بعد بیس فٹ دور رکھی کسی چیز کو 20 سیکنڈ تک دیکھیں۔ اس طرح آنکھوں کو آرام ملتا ہے۔

٭ اسکرین کی روشنی متوازن رکھیں

اپنی کمپیوٹر اسکرین کی روشنی کمرے کی روشنی کے مطابق رکھیں۔ تیز روشنی آنکھوں کیلئے نقصان کا باعث بنتی ہے۔

٭ کانٹیکٹ لینس کا استعمال نہ کریں

لینسز آپ کی آنکھوں کو خشک کر دیتے ہیں۔ کانٹیکٹ لینسز استعمال کرنے سے گریز کریں اور ان کی جگہ چشمےکا استعمال کریں۔

٭ اگر مسئلہ حل نہ ہو تو ڈاکٹر کو دکھائیں

اگر درج بالا طریقے اپنانے کے باوجود آپ کی آنکھوں میں سرخی، دھندلا پن، جھنجھلاہٹ، خارش اور سوزش باقی ہے تو فوری طور پر کسی آنکھوں کے ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

بشکریہ ٹیک انسائڈر