دانتوں کو سفید اور صحت مند بنانے کے 5 قدرتی طریقے
دانت انسانی خوبصورتی کا ایک اہم جُز ہیں، اگر دانت خوبصورت نہ ہوں تو حسن ماند پڑتا جاتا ہےموتی کی طرح چمکتے ہوئے سفید دانت کسے پسند نہیں ، یہ ہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں چمکدابنانے کے لئے مصنوعی طریقوں کا سہارا لیتے ہیں جیسے کہ بلیچ وغیرہ کرنا جو کہ نہایت نقصان دہ ہے۔
دانتوں کی صفائی کے لیے قدرتی طریقے استعمال کریں تاکہ انہیں کم سے کم نقصان پہنچے اور یہ زیادہ عرصے تک آپ کا ساتھ نبھائیں۔
یہاں دانتوں کو سفید اور چمکدار بنانے کے چند قدرتی طریقے پیش کیے جارہے ہیں جن سے دانتوں کی قدرتی حفاظتی تہہ اینیمل اور مسوڑھوں کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔
BRUSH AFTER EATING OR DRINKING
کھانے اور کسی بھی قسم کے مشروبات پینے کے بعد لازمی برش کریں ،اکثر دیکھا گیا ہے کہ لوگ دن میں صرف ایک بار برش کرنے کو کافی سمجھتے ہیں ،لیکن صحت مند اور خوبصورت دانتوں کے لیے ضروری ہے کہ آپ ہر کھانے اور مشروب پینے کے بعد برش کریں اور اگر یہ آپ کے لیے ممکن نہ ہو تو کم از کم دن میں دو بار (صبح اور رات کو سونے سے پہلے)برش ضرور کریں،کچھ ہی عرصے بعدآپ اپنے دانتوں میں واضح فرق دیکھیں گے۔
FLOSSING
بہت سے لوگ فلوسنگ کو سنجیدہ نہیں لیتے لیکن یہ آپ کے دانتوں کی صفائی کے لیے اتنی ہی ضروری ہے جتنا دانتوں میں برش کرنا ،دن میں دوبار برش کرنے کے بعدبھی دانتوں میں خوراک کے چھوٹے ذرات باقی رہ جاتے ہیں جو دانتوں کے بیچ میں چپک جاتے ہیں ،جنہیں نکالنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے اور وہ ہے 'فلوسنگ '،اس طریقے سے نہ صرف خوراک کے چھوٹے ذرات باہر نکل آتے ہیں بلکہ یہ کیویٹی اور مسوڑھوں کی بیماریوں کو مزید بڑھنے سے روکنے میں مدد کرتا ہے۔
COCONUT OIL
ناریل کے تیل کی افادیت پر اب تک کی گئی تحقیق مکمل نہیں ہے بلکہ اس تیل میں مزید فوائد چھپے ہیں جو اب تک منظر عام پر نہیں آسکے۔ماؤتھ واش دانتوں کی صفائی کا ایک عام طریقہ ہے ،دانتوں میں برش کرنے کے بعد ناریل کا تیل منہ میں ڈال کر تقریباً 15 منٹ تک گھمائیں،بعدازاں آپ کو اپنے دانت نمایاں طور پر صاف نظر آئیں گے۔
DRINK LOTS OF WATER
پانی کا زیادہ استعمال نہ صرف دانتوں کی پرابلمز بلکہ بہت سی بیماریوں کے خاتمے کا سبب بنتا ہے،ڈاکٹرز بھی مریضوں کو زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی تجویز دیتے ہیں ،دانتوں کو چمکدار بنانے کے لیے جتنا ہوسکے اتنا پانی پئیں،زیادہ پانی پینے سے دانت صاف ہوتے ہیں کیونکہ پانی کا بہاؤ قدرتی طور پر دانتوں کے اندر کی صفائی کردیتا ہے۔
EAT FRUITS AND VEGGIES
کیفین اور تیز مرچ مصالحے والے کھانےاور مشروبات جیسے سوڈا،چائے اور کافی وغیرہ دانتوں کا رنگ خراب کرتے ہیں لہٰذا کوشش کریں کہ ایسی چیزوں سے زیادہ سے زیادہ پرہیز کریں اور اپنی خوراک میں سادہ پانی،پھل اور تازہ سبزیوں کا استعمال بڑھائیں ،پھل دانتوں کے لیے قدرتی ٹوتھ برش کاکام کرتے ہیں کیونکہ یہ دانتوں کو اسکرب کرتے ہیں جیسے سیب وغیرہ۔
نوٹ:یہ تحریر محض عام معلومات عامہ کے لیے پیش کی جارہی ہے اس پر عمل کرنے سے پہلے اپنے معالج سے ضرور مشورہ کرلیں،شکریہ
Comments are closed on this story.