Aaj News

پیر, جنوری 13, 2025  
12 Rajab 1446  

دوستانہ کرکٹ میچ کے دوران کھلاڑی جاں بحق

شائع 06 فروری 2017 12:33pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

بنگلہ دیش میں دوستانہ میچ کے دوران بلے بازنے آؤٹ ہونے پر غصے میں آ کر 14 سالہ کرکٹر کو وکٹ مار کر قتل کر دیا۔  پولیس نے ملزم بلے باز کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

اے ایف پی  کے  مطابق بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی شہر چٹاگانگ میں 2 ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ میں فیصل حسین نامی کھلاڑی فیلڈنگ کر رہاتھا۔اسی دوران بلے باز نے امپائر کی جانب سے آؤٹ  دیجنے پر وکٹ اکھاڑی اور اسے ہوا میں اچھال دیا جو قریب ہی کھڑے فیصل حسین کے سر میں جا لگی۔ فیصل حسین کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ 

اسسٹنٹ پولیس کمشنر جہانگیر عالم کا کہنا ہے کہ بلے باز نے جب دیکھا کہ وہ سٹمپ یا بولڈ ہو گیا ہے تو وہ غصے میں آگیا۔ اس نے ایک وکٹ اٹھائی اور اسے ہوا میں اچھال دیا،وکٹ فیصل حسین کی گردن اور سر میں لگی جو پچ کے قریب کھڑا ہو کر فیلڈنگ کر رہا تھا۔ وکٹ لگنے پر فیصل حسین درد کی شدت سے زمین پر گر گیااور جب اسے ہسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف غیر ارادی موت کا مقدمہ چلایا جائے گا۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں کرکٹ کے معاملے پر لڑائی جھگڑے عام سی بات ہے کیونکہ یہاں گاﺅں میں بھی کرکٹ کو بہت سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔ گزشتہ مئی میں ایک بلے باز 16 سالہ لڑکے کو تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

بشکریہ اے ایف پی