آسکر ایوارڈز: کونسی فلمیں اور اداکار اس بار دوڑ میں ہیں؟
ہالی وڈ کے معروف آسکر ایوارڈز کے لیے حتمی نامزدگیوں کا اعلان آج ہونے کو ہے اور یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ گولڈن گلوب میں تاریخ رقم کرنے والی فلم ’لا لا لینڈ‘ یہاں بھی نمایاں رہے گی۔
میوزیکل رومانوی فلم ’لا لا لینڈ‘ نے شائقین سے بے لوث داد لوٹ لی ہے جبکہ فلم کے مرکزی اداکاروں ایما سٹون اور رائن گوسلنگ کو بہترین اداکارہ اور اداکار کے لیے نامزدگی ملنے کا قوی امکان ہے۔

یہاں اہم سوال یہ ہے کہ اس فلم کو آسکر میں کتنے ایوارڈز میں نامزد کیا جاتا ہے۔ کیا یہ فلم آسکر کی 14 ریکارڈ نامزدگی کی برابری کر سکتی ہے؟

فلم ’ٹائٹینک‘ اور ’آل اباؤٹ ایوو‘ کے پاس ابھی یہ ریکارڈ ہیں جبکہ کسی میوزیکل فلم کو سب سے زیادہ 13 زمروں میں نامزدگی ملی ہے اور وہ فلم ’میری پوپنز‘ تھی۔


اس سال کی دوسری اہم فلموں میں ’مون لائٹ‘ شامل ہے۔ یہ فلم منشیات کا شکار امریکی شہر میامی میں ایک سیاہ فام نوجوان کی کہانی ہے جو اپنی جنسیت سے نبرد آزما ہے۔ اس کے علاوہ ’مانچسٹر بائی دا سی‘ اور سائنس فکشن فلم ’ارائیول‘ بھی مقابلے میں ہوں گی۔
اداکاری کے زمرے میں ایما سٹون کو ’جیکی‘ کی نیٹلی پورٹ مین سے سخت مقابلہ رہے گا جبکہ گوسلن کو ’مانچسٹر بائی سی‘ کے کیسی ایفلک اور ’فنسز‘ کے ڈینزل واشنگٹن کی جانب سے سخت مقابلہ ملنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ دو سال سے کسی بھی سیاہ فام اداکار کو آسکرز میں نامزدگی نہیں مل رہی تھی لیکن اس بار ایسا نہیں ہے اور یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ چار پانچ فنکاروں کو نامزدگی مل سکتی ہے جن میں واشنگٹن (جنھوں نے فلم فنسز کی ہدایت کاری بھی کی ہے)، وایولا ڈیوس (فنسز)، نوامی ہیرس (مون لائٹ)، مہرشالہ علی (مون لائٹ) اور آکٹاویا سپنسر (ہڈن فگرز) شامل ہیں۔
رواں ماہ کے وسط میں گولڈن گلوب تقریبات میں میرل سٹریپ نے امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف اپنی تقریر سے سرخیاں بنائی تھیں لیکن اگر اس بار کے آسکرز میں انھیں کوئی نامزدگی ملتی ہے تو یہ ایک ریکارڈ ہوگا اور وہ پہلی شخصیت ہوں گی جنھیں 20 ویں بار نامزدگی مل رہی ہوگی۔

نامہ نگاروں کا خیال ہے کہ اگر ’ڈیڈپول‘ کو بہترین فلم کے زمرے میں نامزد کیا جاتا ہے تو یہ سپر ہیرو والی پہلی فلم ہوگی جسے آسکر میں نامزدگی ملے گی۔
یہ بھی خیال ظاہر کیا جار رہا ہے کہ کہیں فلم ’ارائیول‘ لا لا لینڈ کو پیچھے نہ چھوڑ دے۔ جبکہ معروف اداکار میل گبسن کی فلم ’ہاکسا رج‘ کو نامزد کیے جانے کی باتیں بھی گردش کر رہی ہیں۔
اس فلم کی ہدایت کاری انھوں نے دی ہے لیکن کیا انھیں بہترین ہدایت کار کے زمرے میں نامزدگی مل پائے گی یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔
www.bbc.com/urdu : بشکریہ
Comments are closed on this story.