Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاک بھارت مذاکرات نئے سرے سے شروع

شائع 10 دسمبر 2015 05:47am

pak-india

اسلام آباد:اسلام آباد میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جمی برف پگھل گئی، دونوں ملکوں نے کشمیر سمیت تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کا مشترکہ علامیہ جاری کردیا گیا۔پاکستان اور بھارت کے مذاکرات ٹریک پر آگئے،دونوں ملکوں کا جامع مذاکرات نئے سرے سے شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
پاک بھارت وزرائے خارجہ کے درمیان ہونیوالی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا،جس کے مطابق دونوں ملکوں نے دہشت گردی کے خاتمے میں تعاون کا عزم کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی سے متعلق امور پر قومی سلامتی کے مشیر رابطے میں رہیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان عوامی رابطوں میں اضافہ کیا جائے گا، پاکستان کی ممبئی ٹرائل کو منطقی انجام تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ جامع مذاکرات میں جموں وکشمیر، سیاچن، اور وولر بیراج پر بات چیت ہوگی۔ اعلامیہ میں کہا گیا دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون سمیت انسداددہشتگردی، اور نارکوٹکس کنٹرول کے امور جامع مذاکرات کاحصہ ہوں گے۔مشترکہ اعلامیے میں پاک بھارت کرکٹ سیریزکاکوئی تذکرہ نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے پاک بھارت سیکریٹریز کے مذاکرات جنوری میں ہوں گے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نئی دہلی جائیں گے،جہاں مذاکرات کا دور ہوگا۔سیکریٹری خارجہ تمام امور پر مذاکرات کا طریقہ کار طے کریں گے۔جامع مذاکرات میں11 نکاتی ایجنڈا تھا۔