Aaj News

جمعہ, ستمبر 20, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

‘ملکہ کے محل میں بھوت بھی رہتے ہیں’

شائع 05 جنوری 2017 11:15am
فائل فوٹو فائل فوٹو

سوئیڈن کے سرکاری ٹی وی چینلز پر جمعرات کے روز ایک دستاویزی فلم نشر ہونے والی ہے جس کے مطابق سوئیڈین کی ملکہ سلویا کو یقین ہے کہ ان کے شاہی محل میں بھوتوں کا سایہ ہے۔

انھوں نے بتایا کہ وہ سترہویں صدی کے 'ڈروٹننگھم پیلیس' میں اپنے 'چھوٹے بھوت دوستوں کے ساتھ رہتی ہیں۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ حقیقی طور پر بہت دلچسپ ہے۔ لیکن اس سے آپ کو ڈر نہیں لگتا۔'

سوئیڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم کے پاس واقع یہ پرانی عمارت ملکہ اور ان کے شوہر کنگ کارل پنج دہم گستاف کی مستقل رہائش گاہ ہے۔

اس محمل پر مبنی دستاویزی فلم 'ڈروٹننگھم پیلیس: اے رائل ہوم' کو سرکاری چینل ایس وی ٹی نے تیار کیا ہے جو سویڈین میں جمعرات کے روز ٹی وی پر نشر کی جائےگی۔

ملکہ نے فلم بنانے والوں کو بتایا کہ 'کبھی کبھار آپ کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آپ مکمل طور تنہا نہیں ہیں۔' انھوں نے اس بات پر زور بھی دیا کہ لیکن یہاں پر ان کے ساتھ رہنے والے دیگر ساتھی بڑے دوستانہ طور پر رہتے ہیں۔

اس فلم کے سلسلے میں جب کنگ کارل کی بہن شہزادی کرسٹینا کا انٹرویو کیا گیا تو انھوں نے بھی ملکہ کے دعوے کی تصدیق کی۔

شہزادی کا کہنا تھا: 'گھر میں بڑی توانائی کا احساس ہوتا ہے۔ یہ بڑی عجیب بات ہوگی اگر وہ کسی بھیس میں نمودار نہ ہو۔'

73 سالہ ملکہ سلویا نے کنگ کارل سے 40 برس قبل شادی کی تھی اور اس وقت وہ سوئیڈین کی سب سے طویل وقت تک رہنے والی ملکہ ہیں۔

وہ ایک جرمن تاجر اور برازیلی نژاد خاتون کی بیٹی ہیں۔ 2015 میں انے والی ایک کتاب 'دی رائل ایئر' کے لیے ایک انٹرویو کے دوران ملکہ سلویا نے بتایا تھا کہ پہلے سال انھیں بطور ملکہ مردوں کے اثر و رسوخ والے محل میں رہنے سے تنہائی کا احساس ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا: 'ہر شخص کی نیت ہمدردانہ تھی۔ سبھی میری حمایت میں تھے۔ اور کنگ تو بہت ہی زبردست تھے لیکن پھر بھی تنہائی کا احساس تو ہوسکتا ہے۔'

انھیں کرسمس کے عین قبل ہی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے ہسپتال میں بھرتی کیا گیا تھا لیکن دو روز بعد وہ شفا یاب ہوکر باہر آگئی تھیں۔