Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

بائبل کا نادر نسخہ برآمد، حضرت محمدﷺکے آمد کی پیشگوئی موجود

اپ ڈیٹ 29 دسمبر 2016 05:58pm
File Photo File Photo

ترکی میں بائبل کا پندرہ سوسال قبل پرانا نسخہ برآمد ہوا ہے۔ نسخے میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جانب سے حضرت محمد مصطفی صلیٰ اللہ علیہ والہ وسلم کے بحیثیت آخری رسول دنیا میں آمد کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

ڈیلی میل کے مطابق نسخہ سونے کے پانی کی سیاہی سے لکھا گیا ہے اور یہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی مقامی زبان میں درج ہے ۔ نسخے میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ابتدائی زندگی اور ان کی تعلیمات بھی درج ہیں۔ یہ نسخہ جانور کی کھال  پر درج  ہے ۔

ترک وزیر نے بھی اس نادر نسخے کے ملنے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ یہ بائبل کا سب سے مستند نسخہ گردانا جاسکتا ہے کیونکہ دیگر تحریف شدہ ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نسخے میں موجود تعلیمات اسلام سے انتہائی قریب تر ہیں۔ نسخے میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو انسان کی حیثیت سے مانا گیا ہے۔

دوسری جانب ویٹی کن کی جانب سے بھی اس نسخے کو دیکھنے کیلئے باضابطہ طور پر درخواست کردی گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پاپ بینی ڈکٹ بھی اس نادر نسخے کی جانچ کے خواہشمند ہیں۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ترک فورسز نے دوہزار دس میں  یہ نسخہ اسمگلرز کیخلاف کریک ڈاون کے دوران برآمد کیا تھا اور اس کو دوہزار دس تک میوزیم کے حکام کے حوالے ہونے تک سخت حفاظتی تحویل میں رکھا گیا تھا، تاہم اب یہ انقرہ میوزیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔

کہا جارہا ہے کہ اس نسخے کے ایک صفحے کی ایک فوٹوکاپی بھی پندرہ لاکھ پونڈ سے زائد مالیت کی ہے۔

Courtesy: dailymail.co.uk