Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی آئی اے طیارہ حادثہ،جنید جمشید اوران کی اہلیہ بھی جاں بحق

اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2016 06:48am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد: پی آئی اے کی پرواز 661کے حادثے میں معروف نعت خواں جنید جمشید اور ان کی اہلیہ بھی جاں بحق ہو گئے۔

معروف نعت خواں جنید جمشید کے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے کی خبر میڈیا پر نشر ہوتے ہی ان کےکراچی کے گھر پر اہل محلہ،ان کے پرستاروں، سیاسی و سماجی شخصیات کی آمد اور اہلخانہ سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

جنید جمشید کا گھر تعزیت کیلئے آنے والوں میں معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں 47افراد کی شہادت قومی سانحہ ہے۔ جنید جمشید نے حق کے راستے میں جام شہادت نوش کیا۔

سی پی ایل سی کے سابق چیف احمد چنائے کا کہنا تھا کہ جنید جمشید دین حق کی تبلیغ کیلئے گئے تھے اور انہوں نے حق کے راستے میں شہادت کا مرتبہ حاصل کیا۔

پاک سر زمین پارٹی کےسربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ جنید جمشید کی شہادت قومی سانحہ ہے اللہ ان سمیت حادثےمیں جاں بحق تمام افراد کے درجات کو بلندکرے۔

ایم کیوایم پاکستان کے رہنماء خواجہ اظہارالحسن اور فیصل سبزواری نے بھی جنید جمشید کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔

معروف گلوکار سلیم جاوید کا کہنا تھا کہ جنید جمشید دین کی تبلیغ واشاعت میں مصروف تھے ان کی کوششوں سے بہت سے فنکاروں کا رجحان دین کی جانب ہوا۔ اللہ ان کے اہلخانہ کو صبرجمیل عطا کرے۔

فکس اٹ کے بانی عالمگیر نے جنید جمشید کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت کیلئے دعا کی۔