آج ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے، بجلی سستی ہوئی ہے، مریم نواز
لاہورمیں پنجابی کلچر ڈے کے سلسلے میں شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کیا۔ اس موقع پر اپنے جذباتی خطاب میں انہوں نے فنکار برادری کو سراہتے ہوئے پنجابی ثقافت، زبان اور روایات سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کیا۔ آج ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے، بجلی سستی ہوئی ہے، دنیا بھرکے سرمایہ کار پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ تمام فنکار برادری سے مل کر آج بہت خوشی ہوئی، ہم ان کے ڈرامے دیکھ کر بڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے عظمیٰ بخاری کو پنجاب کلچر ڈے کی شاندار تقریبات شروع کرنے پر خصوصی شاباش بھی دی۔
مریم نواز نے کہا کہ دنیا بھر کا میوزک سن لیں، مگر ’بلے بلے ٹور پنجابن‘ جیسی بات کہیں اور نہیں۔ بھنگڑے کا دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ میں لوگوں کو اپنی ثقافت پر بہت فخر ہے، ہمیں بھی اپنی زبان اور ثقافت پر فخر ہونا چاہیے۔
خطاب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز جذباتی ہو گئیں اور اپنے دورِ جلاوطنی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم سعودی عرب میں جلاوطن تھے، تو مجھے اپنے وطن کی بہت یاد آتی تھی۔ وہاں بارش ہوتی تو مٹی کی خوشبو یاد آتی اور میں رو دیتی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے فنکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں چاہتی ہوں فنکاروں کے لیے کچھ ایسا کروں جو آج تک کسی نے نہ کیا ہو، کیونکہ انہوں نے اپنی زندگیاں اپنے فن کے لیے وقف کی ہیں، اب وقت ہے کہ ہم انہیں کچھ لوٹائیں۔
مریم نواز نے کہا کہ 30 سالوں سے میلوں اور تقریبات کا سلسلہ رکا ہوا تھا، ہم نے میلہ چراغاں کو دوبارہ زندہ کیا۔ آج ملک میں ترقی کی بات ہو رہی ہے، سٹاک ایکسچینج ریکارڈ بنا رہی ہے، اور حکومت عوامی مشکلات کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے رات کو نیند نہیں آتی، کیونکہ مجھے عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔ میری ذمہ داری ہے کہ پنجاب کے 15 کروڑ عوام کی روزی روٹی کا خیال رکھوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ بچوں کو پنجابی زبان سکھائیں، ہمیں پنجابی بول کر فخر کرنا چاہیے۔ مجھے پنجاب میں ہر جگہ عزت اور محبت ملتی ہے، لوگ مجھے بیٹی اور بہن کہتے ہیں، یہ میرے لیے اعزاز ہے۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ کرے ہمارا ملک ترقی کرے، اور پنجاب ہمیشہ ہنستا بستا رہے۔ آمین۔
بعدازاں، لاہورکے الحمرا ہال میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تین روزہ پنجابی کلچر ڈے کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں غیرملکی سفارتکاروں،ملکی فنکاروں اوروزراسمیت شہریوں نےبڑی تعداد میں شرکت کی۔
مریم نوازنےالحمرا ہال میں لگائےگئےسٹالز کا بھی معائنہ کیا۔تقریب میں روایتی بھنگڑا ،ماہیے اورٹپے بھی پیش کیے گئے۔
Comments are closed on this story.