Aaj News

پیر, مئ 05, 2025  
07 Dhul-Qadah 1446  

پنجاب حکومت کا ڈرگ کورٹس کو ایک نئے انداز سے تشکیل دینے کا فیصلہ

پنجاب میں ڈرگ کیسز کی سماعت کے لیے ایک نیا ٹریبونل قائم کیا جائے گا، جو ایک سیشن جج اور دو ماہرین پر مشتمل ہوگا
شائع 17 اپريل 2025 01:17pm

پنجاب حکومت نے صوبے میں ڈرگز مافیا کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ڈرگ کورٹس کو نئے انداز سے تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی بل پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا، جس کی تفصیلات اب سامنے آ گئی ہیں۔

بل کے مطابق، پنجاب میں ڈرگ کیسز کی سماعت کے لیے ایک نیا ٹریبونل قائم کیا جائے گا، جو ایک سیشن جج اور دو ماہرین پر مشتمل ہوگا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سیشن جج کو تین سالہ مدت کے لیے نامزد کریں گے جبکہ حکومت دو ماہرین کو بھی تین سال کے لیے تعینات کرے گی، جن کا کم از کم تجربہ 15 سال ہوگا۔

بل کے متن میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹریبونل کے کسی بھی کیس کے حتمی فیصلے کے لیے تینوں ارکان کی موجودگی ضروری ہوگی، تاکہ فیصلے شفاف اور فنی بنیادوں پر کیے جا سکیں۔

ترمیمی بل کا مقصد ڈرگ کورٹس کو ماحولیاتی اور لیبر کورٹس کی طرز پر خودمختار بنانا ہے۔ یہ نیا ٹریبونل نہ صرف منشیات سے متعلق مقدمات کی سماعت کرے گا بلکہ ناقص اور غیرمعیاری ادویات، نیز ادویات کی غیر قانونی تجارت سے جڑے کیسز بھی سنے گا۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ ان عدالتوں میں ماہرین کی شمولیت سے مقدمات کی سماعت تیز اور مؤثر ہوگی۔

ذرائع کے مطابق، بل کو پنجاب اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جو آئندہ دو ماہ میں اس پر رپورٹ پیش کرے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ نظام مؤثر انداز میں لاگو ہو گیا تو نہ صرف ڈرگ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ ہوگا بلکہ عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔

Drugs Court