کراچی: سڑکوں کے ساتھ کھیل کے میدان بھی غیرمحفوظ، ٹینکر نے گراؤنڈ میں کھیلتے 4 سالہ بچے کو روند دیا
کراچی میں بلدیہ ٹاؤن کے علاقے عابدآباد میں پلے گراؤنڈ کے اندر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں 4 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق بچے کی شناخت عفان کے نام سے کی گئی ہے۔
اہل خانہ کے مطابق عفان کھیل کے میدان میں موجود تھا جب اچانک ایک واٹر ٹینکر، جسے کنڈیکٹر چلا رہا تھا، میدان میں داخل ہوا۔ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنڈیکٹر نے بچے کو ٹینکر سے کچل دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
واقعے کے فوراً بعد بچے کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔ اہل خانہ نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کردیا۔
متحدہ پاکستان کے چیئرمین نے کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کو سیاسی نہیں انسانی مسئلہ قراردیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کچی شراب پی کر مرنے والوں کو معاوضہ دے رہی۔ ڈمپرز کی زد میں آکرجانبحق ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ کیوں نہیں دے سکتی؟
واضح رہے کہ رواں سال 2025 میں کراچی ٹریفک حادثات کے دوران اب تک 258 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
Comments are closed on this story.