پاکستان مخالف بات کرنے پر کڑی تنقید ہوئی تو ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر صفائیاں دینے لگے
پاکستان مخالف بات کرنے پر کڑی تنقید ہوئی تو ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود صفائیاں دینے لگے۔
آج نیوز کے پروگرام ”دس“ میں گفتگو کرتے ہوئے صدرڈمپرز ایسوسی ایشن لیاقت محسود نے کہا کہ شور شرابے میں جذباتی باتیں کردیں، پاکستان پر جان بھی قربان ہے، ملک ہے توہم ہیں، پاکستان ہوگا تو لیاقت محسود ہوگا۔
لیاقت محسود نے قانون پر عمل کا یقین بھی دلایا اور کہا کہ ڈمپرز میں کیمرے لگائیں گے، ڈرائیورز کو ٹریننگ بھی دیں گے۔
حکومت ڈمپر مافیا کے خلاف بھی ایکشن لے رہی ہے، سعدیہ جاوید
ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے بھی آج نیوز کے پروگرام ”دس“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہیوی ٹریفک کراچی رجسٹرڈ گاڑیاں نہیں ہیں، کراچی میں پہلے حادثات رپورٹ نہیں ہوتے تھے، جب شکایات آتی ہیں تو سختی ہوتی ہے، حکومت ڈمپر مافیا کے خلاف بھی ایکشن لے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ڈمپرز نے کراچی میں کچرا پھینکا تو حکومت نے ہی تو صاف کروایا، آفاق احمد نے گاڑی جلانے کا حکم دیا تو ان کے خلاف کارروائی ہوئی۔
ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر کیخلاف شہری مقدمہ درج کرانے تھانے پہنچ گیا
دوسری جانب کراچی میں اسلحہ لہرانے اور پاکستان مخالف بات چیت کرنے والے ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود کیخلاف شہری مقدمہ درج کرانے گارڈن تھانے پہنچ گیا۔
کراچی کے نوجوانوں اور سوشل ورکرز کی جانب سے ڈمپرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین لیاقت محسود کیخلاف گارڈ ن تھانے میں درخواست جمع کرادی گئی۔
شہری نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پاکستان کیخلاف نعرے بازی اور قابل اعتراض الفاظوں سے کراچی کے شہریوں اور اہل وطن کی دل آزاری ہوئی ہے۔
عبدالقادر میمن نے کہا کہ لیاقت محسود کا جائے وقوعہ پر جدید اسلحہ کے ساتھ جانا شہریوں کو اشتعال دلانے کے مترادف تھا؟
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ لیاقت محسود کیخلاف ایک نہیں دو ایف آئی آر درج کرائی جائے ایک پاکستان مخالف بات کرنے اور دوسرا قومی شاہراہ کو اعلانیہ بند کرکے پر اسے فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
شہری نے کہا کہ لیاقت محسود کی شہریت کے بارے میں تحقیقات کی جائے کہ آیا وہ پاکستانی ہے بھی یا غیر ملکی ایجنڈے پر کارفرما ہے، لیاقت محسود کو ایسی مثال بنایا جائے تاکہ آئندہ کو ملک کیخلاف ایسی گھناونی حرکت کرنے کی جرات نہ کرسکے۔
Comments are closed on this story.