Aaj News

اتوار, اپريل 20, 2025  
21 Shawwal 1446  

پاکستان سپرلیگ میچز کی سیکیورٹی کیلئے آرمی اور رینجرز کے دستے طلب

محکمہ داخلہ پنجاب نے آرمی اور رینجرز کی خدمات کیلئے وزارت داخلہ کو باضابطہ درخواست بھجوا دی
شائع 07 اپريل 2025 11:23am

پاکستان سپر لیگ کے 10 ویں ایڈیشن کی سیکیورٹی کے لیے پاکستان آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کرلیے گئے، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں پولیس کی معاونت کے لیے رینجرز کے 1، 1 ونگ اور آرمی کی 2، 2 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 10 میں آرمی اور رینجرز کی خدمات طلب کرلی گئیں، محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں پاکستان سپر لیگ میچز کی سیکیورٹی کے لیے آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کرلیے۔

فول پروف سیکیورٹی میں پولیس کی معاونت کے لیے پاکستان آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کیے گئے ہیں، لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے لیے رینجرز کے 1، 1 ونگ اور آرمی کی 2، 2 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئیں۔

تینوں اسٹیشنز پر اسپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز اور آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کی خدمات بھی طلب کی گئیں، پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 10 کے میچز 11 اپریل سے 18 مئی تک شیڈول ہیں۔

سیکیورٹی کے لیے دستوں کی خدمات 6 اپریل سے 19 مئی تک طلب کی گئی ہیں، پاکستان سپر لیگ میں بین الاقوامی کرکٹرز اور میچ آفیشلز شرکت کر رہے ہیں، ملکی و غیر ملکی معززین، کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور عملے کی شرکت کے باعث یہ ہائی پروفائل ایونٹ ہے، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں میچز، ٹیموں کے قیام اور سفر کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات ہوں گے۔

آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کیلئے آرمی اور رینجرز کی خدمات طلب

دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کی سیکیورٹی کے لیے بھی آرمی اور رینجرز کی خدمات طلب کر لیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کی سیکیورٹی کے لیے 3 سے 20 اپریل تک آرمی اور رینجرز کے دستوں کی خدمات طلب کی ہیں۔

آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچز لاہور میں شیڈول ہیں جن میں پاکستان، بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ، آئرلینڈ، ویسٹ انڈیز اور تھائی لینڈ کی خواتین کی چھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، ان میچز کے لیے لاہور میں رینجرز کا 1 ونگ اور آرمی کی 2 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے آرمی اور رینجرز کی خدمات کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ درخواست بھجوا دی ہے۔

PSL

Pakistan Super League

psl 10

PSL Matches

psl security