Aaj News

منگل, اپريل 08, 2025  
10 Shawwal 1446  

دیپالپور میں عید کے پر موقع پر افسوسناک واقعہ، آوارہ کتوں نے 10 سالہ بچے کو نوچ ڈالا

بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا
اپ ڈیٹ 01 اپريل 2025 03:12pm

پاکستان کے مختلف شہروں میں کتے کے کاٹنے کے واقعات تھم نہ سکے۔

دیپالپور کے نواحی علاقہ حویلی لکھا میں عید کے پر مسرت موقع پر افسوس ناک خبر سامنے آئی ہے، آوارہ کتوں نے معصوم دس سالہ بچے کو نوچ ڈالا جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دیپالپور کے نواحی علاقہ حویلی لکھا اندرون شہر ریلوے روڑ کے قریب گندگی کے باعث آوارہ کتوں کی بھر مار ہے جس پر انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، اور جس کے باعث پچوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں۔

شہر کے مختلف مقامات پر بلدیہ کی جانب سے لگاے گئے کوڑے اور گندگی کے ڈھیر آوارہ کتوں کی آماجگاہ بن چکے ہیں، راہ گیر گزرنے سے قاصر ہیں جبکہ بچوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں۔

ذرائع کے مطابق آج 10 سالہ غفار نامی بچہ ریلوے اسٹیشن کے قریب لگے کوڑے کرکٹ کے ڈھیر کے پاس سے گزر رہا تھا کے وہاں پر موجود دس 12 آوارہ کتوں نے بچے پر حملہ کر دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ بچے کو شدید زخمی راہ گیروں نے بڑی مشکل سے بچے کو کتوں کے چنگل سے چھڑوا کر مقامی اسپتال منتقل کر دیا۔

بچے کی حالت تشویشناک ہونے کی صورت میں اسے لاہور ریفر کر دیا گیا ہے، اس سے قبل بھی متعدد بار ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

واقعے کے بعد انفورسمنٹ انسپیکٹر میونسپل کمیٹی معطل

اوکاڑہ حویلی لکھا میں بچے کو کتوں کے کاٹنے کے واقعے پر ڈپٹی کمشنر نے انفورسمنٹ انسپیکٹر میونسپل کمیٹی کومعطل کردیا۔

ذرائع کے مطابق حویلی لکھا میں بچے کو کتے کے کاٹنے کے واقعے پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے نوٹس لیا جس کے بعد انہوں نے انفورسمنٹ انسپیکٹر میونسپل کمیٹی کومعطل کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو غفلت برتنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔

Dog Bite Cases