عید الفطر کے دوران پنجاب میں عارضی نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد
عید الفطر کے دوران پنجاب میں عارضی نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ حکام کے مطابق عارضی نصب ہونے والے مکینکل جھولوں پر پابندی کا فیصلہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنرز کے نام جاری حکومتی مراسلے کے مطابق پابندی کا اطلاق پنجاب بھر میں ہوگا۔
عید کے دوران تفریحی پارکوں میں بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے، مراسلے کے مطابق تفریحی پارکس، تھیم پارکس میں مکینکل جھولوں کی مشروط اجازت ہوگی، پلے ایریاز میں مستقل بنیادوں پر لگائے گئے مکینکل جھولوں کی مشروط اجازت ہوگی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مستقل بنیادوں پر لگائے گئے جھولوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی قرار ہے، مستقل نصب جھولوں کا حفاظتی معائنہ بھی ہوگا۔
اس کے علاوہ تمام ریگولیٹری معیارات پر عملدرآمد کے بارے میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے سرٹیفیکیٹ لازم قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے، کنٹرول روم 24 گھنٹے پنجاب بھر سے رپورٹس مرتب کرے گا۔ امن و امان کا قیام اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور سینئر افسران کی قیادت میں عید کی چھٹیوں میں کام جاری رہے گا۔