Aaj News

اتوار, اپريل 13, 2025  
14 Shawwal 1446  

لاہور میں عید کے موقع پر زائد کرایہ وصول کرنے پر2 ڈرائیورز سمیت 10 افراد گرفتار

وزیراعلیٰ پنجاب نے زائد کرایہ وصول کرنے پر سخت کارروائی کا حکم دے دیا
اپ ڈیٹ 29 مارچ 2025 12:59pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

میٹھی عید پر اپنے گھروں کو جانے والے پردیسیوں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف رات گئے تک کریک ڈاؤن جاری۔ اوورچارجنگ میں ملوث 2 ڈرائیورز سمیت 10 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

لاہور میں بس اڈوں پر اوور چارجنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف رات گئے تک کریک ڈاؤن کیا گیا۔

انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسافروں کو لوٹی ہوئی رقم واپس دلائی، بس اڈوں پر زائد کرایہ وصول کرنے پر 97 گاڑیوں کے چالان ہوئے اور 5 لاکھ جرمانہ کیا گیا۔

اوور چارجنگ میں ملوث 2 ڈرائیورز سمیت 10 افراد کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ مسافروں سے 200 سے لیکر 700 روپے تک زائد کرایوں کی وصولی پائی گئی۔

ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ مسافروں سے وصول کیے گئے ہزاروں روپے موقع پر واپس کروائے گئے۔ مسافروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

موصٰی رضا کا کہنا ہے کہ زائد کرایہ وصولی اور اوور لوڈنگ پر ٹرانسپورٹرز سے رعایت نا برتی جائے، کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی سی لاہور نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عید پر مسافروں کو سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا زائد کرایہ وصول کرنے پر سخت کارروائی کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید پرمقررہ سے زیادہ کرایہ وصول کرنے پر سخت قانونی کارروائی کرنے حکم دے دیا۔ تمام بس اسٹینڈز پر کرایہ نامے نمایاں آویزاں کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نےعید پرمقررہ سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کی بھی ہدایت کر دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈپٹی کمشنرز کو زائد کرایوں کی وصولی روکنے کے لئے کڑی مانیٹرنگ کرنے اور بس اسٹینڈز پر صفائی ستھرائی سمیت انتظار گاہوں پر بیٹھنے کے مناسب انتظام ، پنکھوں کی موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عید پر گھر کو لوٹنے والے مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہر بس اسٹینڈ پر کرائے نامے آویزاں کرکے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنیوالوں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔

انہوں نے عوامی ریلیف کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ و دیگر متعلقہ حکام کو فیلڈ میں چیکنگ ڈیوٹی کی ہدایت کی۔

Transport

dc lahore

buses

CM Punjab Maryam Nawaz