کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں، شہریوں کو مشکلات
کراچی میں انتظامیہ کی نااہلی کے باعث مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ متعدد افراد نے روزہ سڑکوں پر کھولا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں یوم القدس ریلی اور رمضان المبارک کے آخری عشرے کے باعث شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام کی سنگین صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی کے مختلف علاقوں جہانگیر روڈ، جمشید روڈ، گرو مندر، لسبیلہ اور تین ہٹی کے اطراف میں ٹریفک کا شدید دباؤ دیکھنے میں آیا جبکہ گارڈن، جیل چورنگی اور سولجر بازار میں بھی ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
لیاقت آباد، ڈاکخانہ، حیدری اور سخی حسن کے علاقوں میں بھی ٹریفک کی روانی متاثر رہی، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، اس کے علاوہ متعدد افراد نے روزہ سڑکوں پر کھولا۔
شہری نے میئر کراچی کی ٹریفک جام کی جانب توجہ دلائی۔ مرتضیٰ وہاب نے بات سنی ان سنی کر دی، ویڈیو وائرل
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی نفری تعینات کی جا رہی ہے جبکہ متبادل راستوں کے حوالے سے بھی شہریوں کو آگاہی دی جا رہی ہے۔