Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

جعفر ایکسپریس حملہ: فنگر پرنٹس سے حملہ آوروں کی شناخت ہوگی

سی ٹی ڈی کا جلد ملزمان تک پہنچنے کا دعویٰ
شائع 19 گھنٹے پہلے

کوئٹہ میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی تحقیقات جاری ہیں، سی ٹی ڈی دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تحقیقات کر رہی ہے اور جلد ملزمان تک پہنچنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے اسلحے اور کمیونیکیشن آلات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے جبکہ ان آلات اور اسلحے کا فرانزک تجزیہ بھی کروایا جا رہا ہے، حملہ آوروں کی شناخت کے لیے نادرا کو فنگر پرنٹس بھیج دیے گئے ہیں، جس سے ملزمان کی شناخت میں مدد ملے گی۔

اس کے علاوہ دہشت گردوں کے جسمانی اعضا کو مزید فرانزک معائنے کے لیے فرانزک سائنس ایجنسی کو بھیج دیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق حملے کے نتیجے میں 26 مسافر جاں بحق جبکہ 40 زخمی ہوئے تھے جبکہ جوابی کارروائی میں 33 حملہ آور مارے گئے، جس کی تصدیق متعلقہ ذرائع نے کی ہے، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات منظر عام پر لائی جائیں گی۔

سانحہ جعفر ایکسپریس کے بعدٹرین سروس 14ویں روز بھی معطل، بحالی کے لئےکل اجلاس طلب

واضح رہے کہ 11 مارچ کو کالعدم بی ایل اے نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنالیا تھا، سیکیورٹی فورسز نے 2 روز آپریشن کر کے تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

جعفر ایکسپریس آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں کی لاشوں کی تصاویر منظر عام پر آگئیں

14 مارچ کو لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے جعفر ایکسپریس پر حملے میں ہونے والے جانی نقصان سے متعلق سوال پربتایا تھا کہ واقعے میں مجموعی طور پر 26 مسافروں کی شہادتیں ہوئیں، 354 یرغمالیوں کی زندہ بازیاب کروایا گیا ہے جن میں 37 زخمی بھی شامل ہیں، انہوں نے بتایا کہ 18 شہدا کا تعلق آرمی اور ایف سی سے ہے، 3 شہدا ریلوے اور دیگر محکموں سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ 5 عام شہری تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا تھا کہ مشرقی پڑوسی پاکستان میں دہشت گردی کا مین اسپانسر ہے، جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد بھارتی میڈیا جعلی اے آئی ویڈیوز کے ذریعے پروپیگنڈا کرتا رہا اور دہشت گردوں کی پروپیگنڈا ویڈیوز دنیا کو دکھاتا رہا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردی کی پوری کارروائی کے دوران دہشت گرد افغانستان میں اپنے ہینڈلر سے مسلسل رابطے میں تھے، انہوں نے بتایا تھا کہ 12 مارچ کی صبح ہماری فورسز نے اسنائپرز کے ذریعے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا تو یرغمالیوں کا ایک گروپ دہشتگردوں کے چنگل سے بھاگ نکلا، جنہیں ایف سی کے جوانوں نے ریسکیو کیا جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے کچھ یرغمالی شہید بھی ہوئے۔

بلوچستان

Attack on Jaffar Express

BLA Train Attack

jafar express train attack

hijacking of the Jafar Express

Jaffar Express Hijacking

Jaffar Express tragedy