Aaj News

جمعرات, مارچ 27, 2025  
26 Ramadan 1446  

وزیراعلیٰ بلوچستان کا ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

کسی ادارے کا سربراہ ان احکامات پر عملدرآمد نہیں کرا سکتا تو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان
اپ ڈیٹ 3 دن پہلے

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریاست مخالف پروپیگنڈے اور سرگرمیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت انتظامی افسران کا اعلیٰ سطحی اجلاس پیر کو کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی پولیس، محکمہ داخلہ، ایس اینڈ جی اے ڈی، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، محکمہ خزانہ کے سیکرٹریز نے شرکت کی، اس کے علاوہ بلوچستان کے تمام ڈویژن کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی آئی جیز اور ضلعی پولیس افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کے لیے دعا اور فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔ اجلاس کو بلوچستان میں امن و امان سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست مخالف پروپیگنڈے اور سرگرمیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں پاکستانی پرچم لہرانے اور قومی ترانہ پڑھنے کا حکم بھی دیا گیا ہے اور ریاست مخالف عناصر کو فورتھ شیڈول میں شامل کرکے ان کی منفی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں قومی ترانہ پڑھا جائے گا اور پاکستان کا قومی پرچم لہرانا لازمی ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی ادارے کا سربراہ ان احکامات پر عملدرآمد نہیں کرا سکتا تو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائے۔

سانحہ جعفر ایکسپریس کے بعد ٹرین سروس 13ویں روز بھی معطل

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ امن و امان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور کسی بھی شاہراہ کو بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے خلاف بیانیہ اپنانے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست مخالف عناصر کا ہر سطح پر ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئینی حلف کی پاسداری لازمی ہے اور ریاست مخالف عناصر کے سامنے جھکنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ثقافتی روایات امن و بھائی چارے کی علامت ہیں، اور یہاں معصوم مزدوروں اور مسافروں کے قتل کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

نمائندہ خصوصی محمد صادق کا دورہ کابل رنگ لے آیا، افغان طالبان نے ٹی ٹی پی کے حوالے سے مؤقف میں لچک دکھا دی

وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے، جسے روکنا ضروری ہے۔

انہوں نے میرٹ کی بالادستی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔

cm balochistan

sarfaraz bugti