Aaj News

جمعہ, مارچ 21, 2025  
21 Ramadan 1446  

فاروق ستار کا کراچی کی صورتحال پر عید الفطر کے بعد سخت لائحہ عمل دینے کا اعلان

ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے بجلی کے بلوں کو کم کرانے کا دعویٰ کردیا
شائع 21 گھنٹے پہلے

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے بجلی کے بلوں کو کم کرانے کا دعویٰ کردیا اور کہا کہ کراچی کی معیشت کو اس سے زیادہ خراب نہ کیا جائے، کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے، جرائم کی وارداتوں میں کمی ہوئی تو ٹرک ڈمپر ڈرائیور مافیا نے سر اٹھا لیا کراچی والوں کو حق نہ ملا تو عید کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کراچی کے علاقے کورنگی میں گزشتہ روز ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان صہیب کی رہائش گاہ پہنچے۔

اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے نوجوان صہیب کے والدین سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا جبکہ انہوں نے ملزمان کی جلد گرفتاری اور قرار واقع سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

ایم کیو ایم رہنما نے سیکیورٹی اداروں پر سوالات بھی اٹھا دیے، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اور انتظامیہ واضح کرے کہ کراچی والوں کی حفاظت نہیں کرسکتے تاکہ کراچی والے اپنا بندو بست خود کریں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی کی صورتحال پر عید الفطر کے بعد سخت لائحہ عمل دینے کا بھی اعلان کیا جبکہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو کراچی کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ میرے خیال میں بڑے شہر میں جرائم ہوتے ہیں لیکن کراچی میں جس طرح کے جرائم ہو رہے ہیں، پوری دنیا میں کہیں بھی ایسا نہیں ہو رہا، کیا کراچی سندھ کا حصہ نہیں، کیا پاکستان کا حصہ نہیں ؟ کیا ہم پاکستانی نہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے حقوق کے لیے جنگ کریں گے، ہر جگہ ہم امن کی بات کرتے ہیں، اگر کراچی کو حق نہیں ملا تو رینجرز اور پولیس کا فائدہ نہیں، یہ میرا مشورہ راولپنڈی بھی سن لے، اسلام آباد ، لاڑکانہ اور نواب شاہ والے بھی سن لیں،ایم کیو ایم پاکستان اپنے آئندہ کا لائحہ عمل عید کے جاری کرے گی۔

karachi

MQM Pakistan

Farooq Sattar