Aaj News

جمعرات, مارچ 20, 2025  
19 Ramadan 1446  

کراچی: دوران ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

عزیز آباد میں خاتون نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی، سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز کو موصول
اپ ڈیٹ 23 گھنٹے پہلے

کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈکیتی کے دوران ہونے والی فائرنگ میں نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

واقعہ کے مطابق کورنگی پونے چھ نمبر کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ملزمان نے میڈیکل اسٹور لوٹنے کی کوشش کی، جس پر اسٹور مالک 24 سالہ صہیب ولد محمد جاوید نے مزاحمت کی۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس سے صہیب کو کندھے پر گولی لگی، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے ماسک کا استعمال کیا اور رقم لوٹنے کے بعد وہ فرار ہو گئے، واقعہ کے بعد اطراف کے لوگوں نے شور مچایا، جس پر ملزمان نے ہوائی فائرنگ کی۔

کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری جان سے گیا، ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی گولی سے ہلاک

ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق مقتول صہیب اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا اور میڈیکل اسٹور کا مالک تھا۔

انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈکیتی کی وارداتوں کی لہر کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

کراچی میں ماہ مبارک کے دوران ڈکیتی مزاحمت پر دو معصوم شہری لٹیروں کی گولیوں کی بھینٹ چڑھ گئے

دوسری جانب عزیز آباد بلاک ٹو میں خاتون نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔ خاتون نے ڈاکوؤں کو چکمہ دے کرخود کو بچا لیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔

کراچی میں سال کےآغاز میں ڈکیتی مزاحمت، ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگرواقعات میں کتنےافرادجان سےگئے؟

ادھر محمود آبادعوامی کالونی میں گھر کے اندر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون زخمی ہوگئی۔

سیاسی جماعت کےعہدیدار کے قتل کا مقدمہ عزیز بھٹی تھانے میں درج

ڈالمیا شانتی نگر میں فائرنگ سے سیاسی جماعت کےعہدیدار کے قتل کا مقدمہ عزیز بھٹی تھانے میں درج کرلیا گیا، مقدمہ مقتول فائق خان کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ میں قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمہ کے متن کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر 5 افراد آئے اور فائق خان پر فائرنگ کر دی۔ مدعی نے بتایا میرے بھائی کو جسم کے مختلف حصوں پر گولیاں ماری گئی، مقدمہ میں پانچ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے گئے ہیں، مزید تفتیش جاری ہے۔

firing

karachi

Karachi Police

Karachi Street Crimes