نادیہ حسین کیخلاف ایف آئی اے کے مبینہ افسر کی کال لیک کرنے پر پیکا ایکٹ کے تحت تحقیقات
پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کے خلاف سوشل میڈیا پر ایف آئی اے پر الزامات عائد کرنے پر دی پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) ایکٹ کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایف آئی اے نے اداکارہ نادیہ حسین کے الزامات کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ الزامات ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش اور سنگین جرم ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے ادکارہ نادیہ حسین کے الزامات کوحقائق کےمنافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ الزامات منظم ادارے کی ساکھ کونقصان پہنچانے کی کوشش اور سنگین جرم ہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کراچی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے نادیہ حسین کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی فرد کو بغیر ثبوت اور شواہد کے بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ شہری کسی بھی مشکوک کال یا رابطے کی صورت میں فوری متعلقہ ادارے سے رجوع کریں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق نادیہ حسین نے ایف آئی اے کراچی سے اس بارے میں جب رابطہ کیا تو بتایا گیا تھا کہ یہ ایک جعلی کال ہے اور اس بارے میں انھیں شکایت درج کروانے کا کہا گیا تھا تاہم انھوں نے ایف آئی اے میں شکایت درج نہیں کرائی۔ بلکہ سوشل میڈیا پر ایف آئی اے کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے جو کہ قانوناً جرم ہے۔
540 ملین روپے کی ہیرپھیر سےمتعلق ترجمان ایف آئی اے نے کہا عاطف محمد خان کو 8 مارچ کو گرفتار کیا، ملزم اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مالیاتی دھوکہ دہی میں ملوث پایا گیا۔
بینک فراڈ کیس: ایف آئی اے نے اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر کو گرفتار کرلیا
ترجمان ایف آئی کا کہنا ہے کہ عاطف کی اہلیہ نادیہ حسین کو جعلساز نے واٹس اپ پرکال کی اوررشوت طلب کی، جس کی شکایت درج کرنے بجائے نادیہ حسین نے ایف آئی اے پر الزامات لگا دیے۔
نادیہ حسین کا مؤقف
دوسری جانب اداکارہ نادیہ حسین کا اپنی رہائشگاہ پر ایف آئی اے کے چھاپے کے حوالے سے موقف بھی سامنے آیا ہے۔
شوہر کی گرفتاری کا معاملہ : نادیہ حسین نے ایف آئی اے پر رشوت طلب کرنے کا الزام عائد کردیا
آج نیوزکے رابطہ کرنے پرکہا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم کی ٹیم میرے گھر پر آئی تھی، میرا فون لے کر گئے ہیں، میں نے انہیں اپنے ساتھ فراڈ کی تمام تفصیلات فراہم کردی ہیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ نادیہ حسین نے فراڈ کیس میں گرفتار اپنے شوہر عاطف محمد خان کی گرفتاری کے معاملے میں ایف آئی اے کا افسر بن کر فون کرنے والے شخص کی چیٹس اور آڈیو کال اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لیک کر دی تھی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ فراڈ کرنے والے مذکورہ شخص نے ان سے 3 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔
Comments are closed on this story.