پورٹ قاسم اراضی اسکینڈل: وزیراعظم نے تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی قائم کردی
وزیراعظم شہباز شریف نے پورٹ قاسم اراضی اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پورٹ قاسم اتھارٹی کی زمین کے اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل بنا دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم انسپیکشن کمیشن کے چیئرمین بریگیڈیئر ریٹائرڈ مظفر علی رانجھا تحقیقاتی کمیٹی کے کنوینر مقررکردیے گئے جبکہ ڈائریکٹر آئی بی سراج الدین امجد اور ڈائریکٹر ایف آئی اے سید شاہد حسین تحقیقاتی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
کمیٹی کو خصوصی ٹاسک بھی سونپ دیا گیا جس کے تحت کمیٹی لیز کی منسوخی کے خلاف حکم امتناعی کو ختم کرنے کے لیے پورٹ قاسم اتھارٹی کی قانونی حکمت عملی کا جائزہ لے گی اور پورٹ قاسم اتھارٹی بورڈ کی طرف سے مدعی کے ساتھ عدالت سے باہر تصفیہ کرنے کے فیصلہ کرنے میں غور کئے جانے والے عوامل کی تحقیقات کی مجاز ہوگی۔
کمیٹی بشمول دیگر تمام قانونی آرا جو عدالت سے باہر تصفیہ کی حمایت کرتی ہوں کا بھی جائزہ لے گی۔
پورٹ قاسم اتھارٹی زمین چھوٹے اور درمیانے انڈسٹریل پارک کے لیے دی گئی، زمین کی لیزنگ میں مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات 3 رکنی کمیٹی کرے گی۔
واضح رہے کہ سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے پورٹ قاسم اتھارٹی کی قیمتی زمین کے موجودہ حکومت کے دور میں اونے پونے دام دیئے جانے کے انکشاف کیا گیا تھا۔
Comments are closed on this story.