Aaj News

پیر, مئ 05, 2025  
07 Dhul-Qadah 1446  

فروری میں مہنگائی کم ہوکر ڈیڑھ فیصد رہ گئی جو خوش آئند ہے، وزیراعظم

وزیراعظم کی رمضان المبارک میں گیس کی قلت کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت
اپ ڈیٹ 03 مارچ 2025 09:03pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فروری میں مہنگائی کم ہوکر ڈیڑھ فیصد رہ گئی جو خوش آئند ہے، یہ شرح دو ہزار پندرہ کے بعد کم ترین ہے، وزیراعظم نے رمضان المبارک میں گیس کی قلت کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کنزیومر پرائس انڈیکس کے حوالے سے افراط زر میں مسلسل کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کی افراط زر فروری 2025 میں 1.5 فیصد پر آگئی جو کہ ستمبر 2015 کے بعد سب سے کم شرحِ افراط زر ہے، موجودہ حکومت اپنا ایک سال پورا کر رہی ہے اس موقع پر یہ ایک انتہائی اچھی خبر ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا ہے جولائی 2024 سے فروری 2025 تک افراط زر کی اوسط 5.9 فیصد تک رہی جبکہ پچھلے مالی سال میں اسی عرصہ میں یہ اوسط 28 فیصد تھی، یہ ایک نمایاں کمی ہے، حکومت کی معاشی ٹیم کی شاندار کاوشوں کی بدولت معاشی اعشاریے ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا معیشت کی بہتری، کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، میکرو اکنامک معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچنا شروع ہو گیا ہے، مجھے قوی امید ہے کہ افراط زر میں مزید کمی ہو گی،،عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ماہ رمضان میں سحر و افطار کے دوران گیس کی فراہمی میں مشکلات کا نوٹس

وزیراعظم شہباز شریف نے ماہ رمضان میں سحر و افطار کے دوران گیس کی فراہمی میں مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم نے اس حوالے سے رات گئے ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں سوئی گیس کمپنیوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور سینئر انتظامیہ سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیر اعظم کی ہدایات پر سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس پریشر میں دس فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ گیس ڈسٹری بیوشن مراکز کے آخری سروں پر واقع علاقوں میں سحری اور افطار سے تیس سے پینتالیس منٹ پہلے گیس کی فراہمی شروع کی جائے گی، جس سے پریشر میں بہتری آئے گی۔

گیس کی ترسیل کی نگرانی کے لیے ہیڈ آفس اور ریجنل دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر گیس فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

سوئی ناردرن گیس کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر فوری عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1199 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

بعدازاں وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن مومن آغا نے راولپنڈی واسلام آباد میں کم گیس پریشر شکایات والے علاقوں کا دورہ کیا اورصارفین سے گیس پریشرسے متعلق دریافت کیا۔

دورے کا مقصد خاص طورپرکم پریشر والے علاقوں میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا، متعدد گھروں میں پریشر کے مسائل کی جانچ وپڑتال کی گئی، چند گھروں میں مسائل کی نشاندہی پرسیکرٹری پیٹرولیم نے سوئی ناردرن کی ٹیم کو گیس سپلائی مسائل کے فوری حل کا حکم دیا ہے۔

SSGC

Sehri and Iftar Gas Shortage