کراچی؛ پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف احتجاج، مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام
کراچی میں جہانگیرروڈ پرکئی روز سے پانی بجلی کی عدم فراہمی پرعوام کے صبر کا پیمانہ لبریزہوگیا، شدید احتجاج کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا، سینٹرل جیل، تین ہٹی، جمشید کوارٹرز، گرومندر اور سولجر بازارمیں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
جہانگیر روڈ پرعوام پانی اور بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کر رہے تھے، احتجاج کے باعث مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات، 4 افراد جاں بحق
ٹریفک پولیس کے مطابق سینٹرل جیل کے قریب، تین ہٹی، جمشید کوارٹرز، گرومندر اور سولجر بازار میں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، مظاہرے کے باعث پرانی سبزی منڈی اور لیاقت آباد میں بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ تین دنوں سے نہ صرف بجلی کی عدم فراہمی کا شکار ہیں بلکہ پانی کی بھی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔
کم سن صارم کیس؛ محکمہ داخلہ کو فرانزک ماہرین کا بورڈ بنانے کے لیے خط
مظاہرین نے صورت حال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب تک حکام کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جائے گا، ان کا احتجاج جاری رہے گا۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا تھا کہ پانی اور بجلی کی فراہمی کی کمی سے ان کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جس سے روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
پولیس نے مظاہرین سے بات چیت کا آغاز کر دیا ہے تاکہ انہیں پرامن طور پر منتشر کیا جا سکے، تاہم تازہ ترین اطلاعات تک احتجاج جاری تھا۔
Comments are closed on this story.