لیاری میں اسنیپ چیکنگ کے دوران بھتہ خور گرفتار، پرچیاں برآمد
کراچی کے علاقے لیاری میں اسنیپ چیکنگ کے دوران پولیس نے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے لیا، جس کے قبضے سے بھتہ کی پرچیاں برآمد ہوئیں۔ سٹی پولیس کے مطابق ملزم اختر حسین کی تلاشی کے دوران مشکوک کاغذات ملے، جن پر گینگ وار کے بلال پپو، زاہد لاڈلا اور شکیل خان کے نام سے بھتہ طلب کیا جا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق برآمد شدہ پرچی ٹائر مارکیٹ کے صدر کے نام تھی، جس میں مزید دکانداروں کو بھی اسی طرح کی پرچیاں دینے کا حکم درج تھا۔ ایک اور پرچی دانیال نامی شخص کو دی جانی تھی، جس میں بہن کی شادی کے لیے بھتہ طلب کیا گیا تھا۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق ملزم اختر حسین ٹائر مارکیٹ میں ہی ایک شاپ کا ملازم تھا اور اپنے مالک کو پرچی دینے جا رہا تھا، لیکن سخت اسنیپ چیکنگ کے باعث پکڑا گیا۔ پرچی میں دونوں افراد کی ذاتی معلومات درج تھیں اور بھتہ نہ دینے کی صورت میں قتل کی دھمکی دی گئی تھی۔
ایس ایس پی عارف عزیز کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھتہ خوری کی وارداتوں کے باعث عوام ایسے ہتھکنڈوں سے متاثر ہوتے ہیں، لیکن پولیس کسی بھی مجرمانہ سرگرمی کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی۔
Comments are closed on this story.