کراچی میں موسم جزوی ابر آلود، درجہ حرارت بڑھنے کا امکان، ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری متوقع
کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے جبکہ موسم خوشگوار محسوس ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، آج دن بھر موسم جزوی سے مکمل ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ گرم بھی رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر کا درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو کہ زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔ مغربی سمت سے چھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مغربی سمت سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ دن کے وقت تیز دھوپ اور بڑھتے درجہ حرارت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا امکان
ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔
اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ چترال، دیر، سوات، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں برفباری ہو سکتی ہے۔
پنجاب میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، سرگودھا اور میانوالی میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ وسطی پنجاب میں بعض مقامات پر بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
سندھ میں موسم خشک اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ بلوچستان میں کوئٹہ، زیارت، قلات اور بارکھان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سردی اور بارش کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
Comments are closed on this story.