عمر ایوب کا آئی ایم ایف کو خط، ملک میں شفافیت اور قانون کی حکمرانی پر زور
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو خط لکھا دیا، جس میں ملک میں شفافیت اور قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہوئے حالیہ انتخابی دھاندلی کے شواہد بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے آئی ایم ایف کو لکھے گئے خط میں آئی ایم ایف مشن کے موجودہ دورے کو اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی ترقی اور سیاسی استحکام کے لیے منصفانہ انتخابات اور قانون کی حکمرانی ناگزیر ہیں۔
عمر ایوب نے خط کے ساتھ ایک ڈوزیئر بھی منسلک کیا گیا ہے، جو چیف جسٹس آف پاکستان کو پہلے ہی پیش کیا جا چکا ہے، اس ڈوزیئر میں حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے ناقابل تردید شواہد کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا خط میں کہنا ہے کہ ریاستی اداروں بشمول الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کو دبانے اور انتخابی نتائج میں تبدیلی کی منظم کوشش کی، بانی پی ٹی آئی نے بھی 7 جولائی 2023 کو آئی ایم ایف کے وفد سے ملاقات کے دوران شفاف اور منصفانہ انتخابات کی اہمیت پر زور دیا تھا، ان کا مؤقف تھا کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، ڈوزیئر میں این جی او پتن کی رپورٹ کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، جو انتخابی دھاندلی کے شواہد کی تصدیق کرتی ہے۔
عمر ایوب کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے بین الاقوامی اداروں کو آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ پاکستان میں گورننس کی نگرانی بہتر کی جا سکے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ قانون کی حکمرانی اور جمہوری اصولوں کی پاسداری کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا ہے کہ وہ اس معاملے میں مزید معلومات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، تاکہ پاکستان میں شفافیت اور آئین کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔
Comments are closed on this story.