Aaj News

پیر, اپريل 21, 2025  
22 Shawwal 1446  

کراچی: سراغ رساں کتے نے گارڈن سے لاپتا بچوں کے ممکنہ مقام کی نشاندہی کردی

بچوں کو کشتی مسجد کے قریب دیکھے جانے کی تصدیق، والد کا بات ماننے سے انکار
اپ ڈیٹ 03 فروری 2025 12:07pm

کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ سے گزشتہ ماہ لاپتا ہونے والے 5 سالہ عالیان عرف علی اور 6 سالہ علی رضا کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق سراغ رساں کتے نے لیاری کشتی مسجد کے قریب بچوں کی موجودگی کی نشاندہی کی۔

کتے کو بچوں کے کپڑے سونگھائے گئے تھے جس کے بعد وہ لیاری کشتی مسجد کے قریب جا کر رک گیا تھا۔ عینی شاہدین نے بھی بچوں کو کشتی مسجد کے قریب دیکھنے کی تصدیق کی ہے، جس پر پولیس نے بیانات قلمبند کر لیے ہیں۔

پولیس کے مطابق کشتی مسجد کے قریب ایک دلدلی ندی ہے، جسے صاف کرنے کے لیے مشینری کی مدد سے گزشتہ روز کارروائی کی گئی تھی۔ پولیس مزید مقامات کو صاف کر کے تلاشی لے رہی ہے تاکہ بچوں کا پتہ چلایا جا سکے۔

خیال رہے کہ عالیان اور علی رضا اپنے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے 5 ہفتے قبل گارڈن ویسٹ سے لاپتا ہوگئے تھے، اور پولیس کی جانب سے تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب علی رضا کے والد عبدالرزاق نے پولیس کے دعوے کو مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سراغ رساں کتوں کو بچوں کے لاپتہ ہونے کے چودہ روز بعد لایا گیا، سراغ رساں کتے لیاری ندی کی طرف گئے ہی نہیں۔

علی رضا کے الد نے کہا کہ عالیان کے والد کے دوست نے اغواء ہونے سے چند لمحے پہلے ان کو گلی کے کونے پر دیکھا تھا، لیاری کشتی والی مسجد کے پاس سراغ رساں کتے گئے ہی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں پولیس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، پولیس اب خانہ پوری کر رہی ہے، میں اعلیٰ حکام سے مطالبہ کروں گا ہمارے بچے بازیاب کروائے جائیں۔

karachi

garden

Child Kidnap