سی ویو سے پتھر باندھ کر سمندر میں پھینکی گئی کراچی کے تاجر کی لاش برآمد
کراچی کے ساحلی علاقے سی ویو پر پتھر باندھ کر سمندر میں پھینکی گئی ایک لاش ملی ہے جس کی شناخت تاجر آصف کمال کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول لانڈھی کے علاقے سے 29 جنوری کو لاپتہ ہوا تھا۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف کمال موبائل مارکیٹ جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا اور پھر واپس نہیں آیا۔ اہل خانہ نے اس کے اغوا کی رپورٹ درج کرائی تھی، جس پر پولیس نے تمام تھانوں کو اطلاع دی تھی۔
پولیس کے مطابق آج صبح دو دریا کے قریب مچھلی کے شکار پر جانے والے ایک نوجوان نے لاش کی اطلاع دی۔ بظاہر لاش دو سے تین دن پرانی لگ رہی ہے، تاہم پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے بعد ہی حتمی رائے دی جا سکے گی۔
اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ نے قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔
تاجروں میں تشویش
سی ویو کے ساحل پر تاجر کی تشدد زدہ لاش ملنے پر تاجروں میں سخت تشویش اور بے چینی پھیل گئی ہے۔
موبائل اینڈ الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد منہاج گلفام نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آصف کمال کی ہلاکت پر تاجر برادری میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ، آئی جی سندھ اور دیگر تفتیشی ادارے فوری طور پر اس قتل کی تحقیقات کا آغاز کریں اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔
اس واقعے پر تاجر رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کی وارداتوں کے روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ موبائل مارکیٹ کے کارکنان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
Comments are closed on this story.