Aaj News

ہفتہ, مارچ 01, 2025  
30 Shaban 1446  

لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کو حادثہ، رپورٹ تیار، ڈرائیور ذمہ دار قرار

حادثے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، ریلوے حکام
اپ ڈیٹ 31 جنوری 2025 06:23pm

لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس شاہدرہ کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق شاہدرہ ریلوے اسٹیشن کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس وجہ سے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل ہوگئی جبکہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے افسران اور عملے نے موقع پر پہنچ کر امدادی کام شروع کر دیا۔

ترجمان ریلوے نے بتایا کہ شالیمار ایکسپیریس کراچی جانے کے لیے لاہور سے صبح ساڑھے7 بجے روانہ ہوئی تھی، حادثے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جبکہ ڈی ریل ہونے والی تینوں بوگیوں میں سوار تمام مسافر محفوظ ہیں

سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ نے ڈیریلمنٹ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

ترجمان کے مطابق ریلوے ٹریک صاف کرنے کے لیے ریلیف ٹرین لاہور سے روانہ ہوگئی ہے، کراچی سے لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس کو شیخوپورہ ریلوے اسٹیشن پرروک لیا گیا جبکہ قراقرم ایکسپریس سانگلہ ہل سے براستہ وزیرآباد لاہور پہنچے گی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ متاثرہ ٹرین کے تمام مسافروں کو ریلوے اسٹیشن شاہدرہ پہنچا دیا گیا، متاثرہ ٹرین کے مسافروں کو ریلیف ٹرین کے ذریعے لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچایا جائےگا جبکہ لاہور سے ایک دوسری شالیمار ایکسپریس ٹرین ان مسافروں کو کراچی لے کر جائے گی۔

شالیمار ایکسپریس حادثے کی ابتدائی تحقیقات رپورٹ مرتب

دوسری جانب لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کے حادثے کی ابتدائی تحقیقات رپورٹ مرتب کرلی گئی، ٹرین حادثے کا ذمہ دار ٹرین ڈرائیور کو قرار دیا گیا۔

آج نیوز کو وصول ہونے والی فوٹیج میں ٹرین کی اوور اسپیڈ دیکھی جاسکتی ہے۔ ڈی ایس ریلوے کے مطابق ڈرائیور نے ٹرین حادثے کے وقت بریک لگانے کی زحمت گوارہ نہیں کی۔

Train Accident

Train

shalimar express

train derail